کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، بھاجپا لیڈروں کے بیانات غیر ذمہ دارانہ:گیلانی

سرینگر // حریت (گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے بھارت کے نیتاؤں کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آئے روز دئے جارہے بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور تاریخی حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل بھارت کی موجودہ فرقہ پرست حکمران جماعت سے وابستہ لیڈر حضرات مسندِ اقتدار پر مدّت دراز تک براجمان رہنے کے لیے کشمیر اور پاکستان کے خلاف زیادہ سے زیادہ زہر آلود بیانات داغنے کو اپنے ہندو ووٹ بینک کو مضبوط بنانے کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ حریت چیئرمین نے بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیان، جس میں انہوں نے سرحد پار کرنے اور کشمیر بقول ان کے بھارت کا جزو لاینفک کہا ہے، کو خلاف حقائق قرار دے کر اس بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔ حریت رہنما نے طاقت کے نشے میں چور بھارت کے وزیر داخلہ اور دیگر لیڈروں کے بیانات کو کِسی تیسرے عالمگیر جنگ کو بھڑکانے کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری کو ان بیانات کا سنگین نوٹس لئے جانے کی اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے آٹھ لاکھ سے زائد قابض افواج اور نیم فوجی دستوں کے زیرِ سایہ کشمیری عوام کی حالت زار کو ان اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں محسوس کرنے کی کوشش کریں۔حریت رہنما نے جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کو سنگین اور دھماکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی بے تحاشا فوجی طاقت کے بل بوتے پر یہاں قبرستان کی سی خاموشی قائم کرکے ہر طرح کی پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن لگا رکھی ہے۔