بلال فرقانی
سرینگر// کشمیر بالی ووڈ فلموں کیلئے محفوظ اور موزوں قرار دیتے ہوئے ممبئی نشین کشمیری اداکار للت پاریمو نے کہا کہ اپنی سرزمین پر کام کرنے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔سرینگر میں منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاریمو نے کہا’’ ہم صرف گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ جیسی جگہوں پر شوٹنگ کرتے ہیں تاہم فلمسازوں کو ان مشہور سیاحتی مقامات سے آگے بھی دیکھنا چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ لفظوں میں پیار نامی فلم کی پرموشن کے دوران انہوں نے حکومت کی فلم پالیسی کو خوب سراہا۔انہوںنے مزید کہا کہ’ ہم نے پہلے اس فلم کو اتراکھنڈ میں فلمانے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم بعد میں بھدرواہ میں فلمانے کا فیصلہ کیا‘۔پاریمونے کہا کہ یہ فلم ان کیلئے خاص ہے کیونکہ اس کی شوٹنگ انہوںنے مادر وطن جموں و کشمیرمیں کی ہے۔ 90کی دہائی کے مشہور سپر ہیرو ڈرامہ ’شکتی مان‘ میں ڈاکٹر جیکال کا کردار نبھانے والے پنڈت اداکار للت پاریمونے کہا کہ ایک وقت تھا جب وادی میں فلموں کی شوٹنگ میں خلل پڑا تھا تاہم اب دوبارہ بالی ووڈ فلموں کی عکاسی کیلئے آرہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور خطے میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ لفظوں میں پیار فلم میں معروف بالی ووڈ اداکارہ انیتا راج، زرینہ وہاب، پرشانت رائے، سرور میر، وانی ڈوگرا، میگھا جوشی، ماہیما گپتا، سچن بھنڈاری، اسماعیل چودھری اور اویناش کمار جیسے اداکار بھی ہیں۔ فلم کی ہدایت دھیرج مشرا نے کہا کہ اس فلم میں مقامی اداکاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔