عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انگریزی روزنامہ کشمیر امیجز کے منیجنگ ایڈیٹر غلام جیلانی وانی کے بیٹے معظم جیلانی کا اتوار کی صبح انتقال ہوگیا۔سرینگر کے ٹنڈیل بسکو ہائر سیکنڈری سکول میں نویں جماعت کے طالب علم معظم نے21اپریل کوصدر ہسپتال سرینگر میں آخری سانس لی۔اتوار کی شام عید گاہ چندی لورہ ٹنگمرگ میں ان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ معظم ایک ورسٹائل ایتھلیٹ تھے جنہوںنے تیراکی، بیڈمنٹن اور فٹ بال میں اپنی پہچان بنائی تھی۔ان کے انتقال سے خاندان، دوستوں اور رشتہ داروں میں صدمے اور اداسی کی لہردوڑ گئی ہے۔ ٹنگمرگ کا رہنے والا معظم اس وقت سرینگر کے جہانگیر چوک میں واقع بڈ شاہ فلیٹس میں مقیم تھا۔ معظم وانی کے المناک انتقال پر پورے کشمیر سے سینکڑوں لوگوں نے چندی لورہ ٹنگمرگ جاکرغلام جیلانی وانی کے خاندان سے تعزیت کی۔ ٹنڈیل بسکو ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپل مابیل ینزون نے سکول انتظامیہ، سٹاف اور سکول کے طلباء کی جانب سے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔پرنسپل نے مسٹر اور مسز غلام جیلانی وانی کے نام ایک تعزیتی پیغام میں لکھا ’’اللہ مرحوم کی روح کو سکون دے اور آپ کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے‘‘۔اس دوران ادارہ کشمیر عظمیٰ اور گریٹرکشمیر نے وانی خاندان اور کشمیر امیجز فیملی کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔اس سلسلہ میں کشمیر عظمیٰ اور گریٹر کشمیر کا مشترکہ تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں فرزند کے انتقال پر غلام جیلانی وانی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ادھر جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین اور سابق ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے معظم کی بے وقت رخصتی پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیاہے۔