کشمیری ڈرائیور کی ایمانداری ۔10لاکھ کے زیورات سیاح کو لوٹا دیئے

عارف بلوچ

اننت ناگ //پہلگام کے ایک ڈرائیور نے سونے کے زیوارات سے بھرا بیگ حیدر آباد کے سیاح کو واپس کرکے ایمانداری کی مثال پیش کی ہے۔ٹیکسی اسٹینڈ موویرا پہلگام کے صدر عبدالرشید وانی نے بتایا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے انہیں فون کیا کہ وہ دس لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارات ایک تویرا گاڑی میں بھول گئے ہیں۔وانی نے کہا کہ انہوں نے ڈرائیور آکاش کو فون کیا اور گاڑی میں زیورات کی اطلاع دی جس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی میں سونے کا بیگ پایا اور اسے اپنے پاس رکھا۔وانی کا کہنا ہے کہ انہوںنے سیاح کو اس کی اطلاع دی لیکن تب تک حیدر آباد کا سیاح سرینگر ہوائی اڈے پر پہنچ گیا تھا۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے سیاح سے کہا کہ ہم سونا سرینگر پہنچا دیں گے لیکن اس نے خود پہلگام آکر سونا حاصل کرنے کو کہا تاکہ وہ یہاں آکر ہمارا شکریہ ادا کرسکے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹینڈ کی طرف سے مذکورہ ڈرائیور کو مبارکباد پیش کی گئی اور واپس پہنچنے پر اسے پھول مالائیں پہنائی گئیں تاکہ اسکی حوصلہ افزائی ہوسکے۔