کشمیری پنڈت کا قتل ایس آئی اے کے 9مقامات پر چھاپے، ملی ٹینٹ معاون کا رہائشی مکان ضبط

نیوز ڈیسک

سرینگر// اس سال کے اوائل میں ایک کشمیری پنڈت کے قتل کی جاری تحقیقات کے سلسلے میںجموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تفتیشی ایجنسی نے جمعرات کو جنوبی کشمیر میں 9 مقامات پر چھاپے مارے۔اے ٹی ایم گارڈ کے طور پر کام کرنے والے سنجے شرما 40) کو 26 فروری) کو اچھن پلوامہ گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔جمعرات کو ایس آئی اے نے پلوامہ، شوپیان اور اننت ناگ کے تین اضلاع میں 9 مقامات پر تلاشی لی۔ایس آئی اے عہدیداروں نے کہا، کچھ الیکٹرانک گیجٹس بشمول موبائل فون، الیکٹرانک اسٹوریج ڈیوائسز، سم کارڈز، دستاویزات، بینک دستاویزات وغیرہ جو جاری تحقیقات سے متعلق ہیں، ان تلاشیوں کے دوران ضبط کر لیے گئے ہیں اور ابتدائی پوچھ گچھ میں اس معاملے میں کافی مناسب لیڈز فراہم ہوئے ہیں۔

 

 

انہوں نے بتایا کہ یہ تلاشیاں خصوصی عدالت برائے یو اے پی اے جرائم(این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد)پلوامہ کے جاری کردہ سرچ وارنٹ کی پیروی میں عمل میں لائی گئیں، جس میں دیگر ایجنسیوں کی طرف سے فعال طور پر مدد کی گئی۔شرما کے قتل کے معاملے کی ابتدائی تحقیقات پلوامہ پولیس نے کی اور بعد میں اسے ایس آئی اے کشمیر کو منتقل کر دیا گیا۔ادھر ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے خلاف کریک ڈان جاری رکھتے ہوئے، جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے جمعرات کو اننت ناگ ضلع کے دانوتھ پورہ کوکرناگ علاقے میں ایک مبینہ ملی ٹینٹ ساتھی کے ایک زیر تعمیر رہائشی مکان کو ضبط کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کو منطقی مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھتے ہوئے ایس آئی یو اننت ناگ نے مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد دانوتھ پورہ کوکر ناگ میں ملی ٹینٹ معاون کے ایک زیر تعمیر رہائشی مکان کو قرق کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانہ کوکر ناگ میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 103کی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ ملی ٹینٹ معاون محمد اسحاق ولد محمد سیف اللہ ملک ساکن دانوتھ کوکر ناگ کے زیر تعمیر رہائشی مکان کوملی ٹینٹ سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر کی جانب سے تصدیق کے بعد ملی ٹینٹ معاون کے زیر تعمیر رہائشی مکان کو یو اے پی اے ایکٹ سیکشن 25کے تحت قرق کردیا گیا۔