کشمیری طلباء انتہائی ذہین اور کامیاب :گورنر

سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں ایس کے آئی سی سی میں نوودھیا ودھیالیہ سمتی چندی گڑھ ریجن کی دو روزہ پرنسپلوں کی کانفرنس کا افتتاح کیا ۔ بہار کے گورنر کے پرنسپل سیکرٹری وویک سنگھ اور سیکرٹری سکولی تعلیم سریتہ چوہان اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ نوودھیا ودھیالیہ کے پرنسپلوں کو کانفرنس میں خوش آمدید کہتے ہوئے گورنر نے کہا کہ نوودھیا ودھیالیہ ملک کا اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جو طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے علاوہ اُن کی مجموعی ترقی کو بھی یقینی بناتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ غریب طلبا کیلئے بھی خصوصی معیاری تعلیم فراہم کرنے میں گامزن ہے ۔ گورنر نے کہا کہ اساتذہ مستقبل کی نسلوں کو نکھارنے اور اُن میں نظم و ضبط پیدا کرنے کیلئے انتھک کام کر رہے ہیں ۔ یہی بچے ملک کی طاقت اور قوت کا سامان بنتے ہیں ۔ انہوں نے ان بچوں کی طرف عدم توجہی نقصاندہ عمل قرار دیا ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے مزید نوودھیا ودھیالوں کو قایم کرنے کیلئے اراضی کی فراہمی کے مطالبے کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت نے سرینگر ، بانڈی پور ، پلوامہ ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع میں اس مقصد کیلئے اراضی کی نشاندہی کی ہے ۔ گورنر نے مزید کہا کہ اگرچہ ہمارے ملک نے موجودہ تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں لیکن ہمارے پالیسی بنانے والوں کیلئے ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے تا کہ ہمارے نوجوانوں میں تحقیقی اور سائینسی رحجان میں بہتری لائی جا سکے ۔ انہوں نے ریاستی طلبا کیلئے اعلیٰ سطح کی لیبارٹریاں فراہم کرنے پر زور دیا تا کہ ہمارے طلبا عالمی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکیں ۔ گورنر نے مہمان پرنسپلوں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے سیاحتی علاقوں میں جانے کیلئے کچھ وقت نکالیں تا کہ انہیں ریاست کی مہمان نوازی اور پُر امن ماحول کے بارے میں جانکاری حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں شری امر ناتھ جی یاترا اور حج بیت اللہ کے مقدس ایام احسن طریقے پر جاری ہیں اور ان عظیم موقعوں کی کامیابی سے ریاست کے آپسی میل ملاپ اور بھائی چارے سے متعلق باہر سے آئے ہوئے لوگوں کو روشناس کرنا ہو گا ۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق مثبت خبریں اجاگر کریں ۔ گورنر نے اس موقعہ پر کشمیری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا جن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان کسی سے بھی کم نہیں اور وہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب اور کامران ہیں ۔ گورنر نے اس موقعہ پر بہار کے گورنر کے پرنسپل سیکرٹری وویک سنگھ کو کرپٹک کراس ورڈ مقبول بنانے میں اُن کی کاوشوں کیلئے انہیں سراہا ۔ جے اینڈ کے نوودھیا ودھیالیہ کے بچوں نے اس موقعہ پر ایک تمدنی پروگرام پیش کیا ۔ گورنر نے نوودھیا ودھیالوں کے پرنسپلوں کو اُن کے سکولوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے انعامات سے نوازہ ۔ کمشنر این وی ایس بی کے سنگھ نے اس موقعہ پر استقبالیہ خطبہ اور نوودھیا ودھیالوں کی کارکردگی پر ایک رپورٹ پیش کی ۔ ڈپٹی کمشنر این وی ایس ایم اے منیب نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔