کشمیریوں کے تئیں پاکستانی کردار مثالی :صلاح الدین

مظفر آباد//متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب سربراہ سید صلاح الدین نے پاکستان، پاکستان زیر انتظام کشمیر کی قیادت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان سفارتی، اخلاقی اور میڈیا مہم جوئی کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی ٹھوس مدد کرے۔جہاد کونسل ترجمان سید صداقت حسین کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق صلاح الدین متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔صلاح الدین نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام جس بھر پور طریقے اور جوش و خروش کے ساتھ یکجہتی کے عظیم الشان مظا ہرے کا اظہار کررہا ہے وہ مثالی ہے اور اس طرح سے کشمیری عوام کے حوصلوں کو ایک نئی جلا مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور ان کی مسلمہ قیادت اس کیلئے پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتی ہے تاہم اس حقیقت کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت جس طرح عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا کر کشمیری عوام کی نسل کشی کررہا ہے ،پیلٹ کے ذریعے معصوم بچوں ،بچیوں اور بزرگوں کی بینائی چھین رہا ہے۔انسانی حقوق کی پامالیوں کا مرتکب ہورہا ہے۔ان حالات میں صرف سفارتی اور سیاسی تعاون کا فی نہیں بلکہ ٹھوس مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔صلاح الدین نے کہاکہ ایک بنیادی فریق کی حیثیت سے پاکستان کو اب وہ کردار ادا کرنا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام نے آزادی کے حصول کے لئے جان و مال اور آبرو کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔پاکستان سمیت عالمی برادری کو اس معاملے کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صلاح الدین نے کہا کہ ریاستی عوام 8 لاکھ  فورسز کے ساتھ ہر گلی کوچے میں نبرد آزما ہے اور حصول آزادی تک اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس ہٹ دھرمی کو توڑنے کیلئے ،پاکستان کو روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ایک جاندار اور نتیجہ خیز پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔