کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائیگی

اسلام آباد// پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ‘قیام پاکستان کا مقصد انسان کو انسانوں کی غلامی سے نکالنا تھا تاکہ بندہ گان خدا اپنے تصورات کے مطابق آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں اور استحصال کی ہر صورت کا خاتمہ کرکے عوام کو ہر وہ سہولت فراہم کریں جو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایمانداری کے ساتھ یہ اعتراف کرنا چاہیے کہ ہم ابھی مکمل طور پر اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکے، اس اعتراف کے ساتھ ان وجوہات اور رکاوٹوں پر غور کرنا چاہیے جن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے‘۔، پاکستان کو سیاسی اور سماجی مشکلات سے نکالنے کیلئے ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ ملک کے اجتماعی فیصلوں کیلئے اداروں کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ جشن آزادی پر فرزندان کشمیر کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کیلئے سیاسی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، اقوام عالم کشمیریوں کوحقوق دلوانے کیلئے صدائے حق بلند کریں۔