کشمیریوں کیخلاف ادارہ جاتی سطح پر

سرینگر//نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ بھارت اور اس کے مقامی کارندوںنے کشمیری نوجوانوں کیخلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں استقامت کا مظاہرہ کریں کیونکہ بھارت تمام طریقوں کے ساتھ کشمیریوں کیخلاف میدان میں کود پڑا ہے ۔نعیم خان پارٹی صدر دفتر پر پارٹی کے سینئر عہدیداروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اظہار خیال کی آزادی پر مکمل پابندی عائد ہے اور بھارت اپنی پوری قوت کے ساتھ نوجوانوں کیخلاف کھلے عام بر سر جنگ ہے اور مزاحمتی تحریک کیخلاف سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی دلی اور اس کے حاشیہ برداروں کا واحد مقصد یہ ہے کہ کسی طرح عوام کی آواز کو بند کیا جائے ۔ نعیم خان نے کہا کہ طالب علم موجودہ صورتحال میں گھٹن محسوس کررہے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ وہ اپنی آواز سنانے کیلئے سڑکوں کا رُخ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔نیشنل فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ قیادت کو لوگوں کے پاس جانے سے روکا جارہا ہے اور سرینگر سے نئی دلی تک تحریک آزادی کیخلاف ادارتی سطح پر ایک خطر ناک پروپگنڈا شروع کیا گیا ہے۔اس صورتحال میں نوجوانوں کو محسوس ہورہا ہے کہ اُنہیں پس از دیوار کیا جارہا ہے۔نعیم خان نے کہا کہ جب سیاسی ماحول ختم کیا جائے اور آوازوں کو بزور بازودبایا جائے تو انتشار مرکزی مقام حاصل کرلیتا ہے۔