کشمیریوں نے خاندانی سیاست کی بھاری قیمت چکائی | شوپیاں میں روڈ شوسے درخشاں اندرابی کا خطاب

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//بی جے پی کی نیشنل ایگزیکٹیو ممبر اور چیئرپرسن جموں و کشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ پورے جموں و کشمیر میں بی جے پی کے ترقیاتی حکمرانی پر لوگوں کا اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سیاست دانوںکی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی غیر یقینی صورتحال اور انتخابات میں دھاندلی ان تینوں حکمران خاندانوں کا ریکارڈ رہا ہے۔ انہوں نے علیحدگی پسندی کو اپنے سیاسی استحصال کے لیے استعمال کیا اور وسائل کو لوٹ کر بے تحاشہ دولت کو اکٹھا کیا جبکہ عام آبادی کو ہر قسم کے مصائب میں ڈال دیا۔انہوں نے کہا ’’تین خاندانوں نے جموں و کشمیر پر ایک ملکیتی کاروباری ادارے کی طرح حکمرانی کی بلکہ اقتدار میں رہنے کیلئے تمام تفرقہ انگیز ہتھکنڈے استعمال کیے، وہ اس خونریزی کے ذمہ دار ہیں جس نے ہمارے نوجوانوں کی ایک پوری نسل کو کھا لیا‘‘۔درخشان اندرابی نے وادی کے نوجوانوں کو سلام پیش کی جو استحصال کی پرانی طرز کی خاندانی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے امن، خوشحالی اور ترقی کے حق میں نکلے ہیں۔ درخشاں اندرابی نے کہا کہ’’عوام نے کئی دہائیوں کے دوران سیاسی خاندانوں کی غلطیوں کی بھاری قیمت چکائی۔ ہم پرانے خوفناک دنوں کو واپس نہیں آنے دے سکتے اور اس لیے وہ تبدیلی ناگزیر ہے جو ہم ان انتخابات میں ہوتے دیکھ رہے ہیں‘‘۔شوپیاں سے بی جے پی کے امیدوار جاوید قادری اور نوجوان رہنما عرفان منہاس بھی روڈ شو میں شریک رہے۔پارٹی امیدوار جاوید قادری نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ ایک خادم کی طرح تاریخی شوپیاں کے لوگوں کی خدمت کریں گے۔