سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر طلعت احمد نے یہاں مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز،شعبوں کے سربراہوں ،کیمپس ڈائریکٹروں اوردیگرحکام کی ایک میٹنگ میں یکم مارچ سے یونیورسٹی میں روبروتدریس شروع ہونے کے عمل کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لیا۔اس دوران وائس چانسلر نے کووِڈ رہنماخطوط جو جموں کشمیر انتظامیہ نے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے جاری کئے ہیں، پر من وعن عمل کرنے پر زور دیا۔ پروفیسر طلعت نے کہا کہ یونیورسٹی کامرکزی کیمپس اور سٹیلائٹ کیمپس یکم مارچ سے روبرو تعلیم کیلئے کھل جائیں گے اور اس دوران تمام اساتذہ،فیکلٹی ،ممبران،غیرتدریسی عملہ اور طلاب کووِڈ مناسب رویہ پر سختی سے کاربند رہیں گے۔ پروفیسر طلعت نے چیف سیکریٹری کے ساتھ 14فروری کی میتنگ کے تناظر میں ڈینز اوردیگر متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کیمپس کے دوبارہ کھول دیئے جانے سے متعلق ایک منصوبہ تیار کریں جس میں ’کیاکرنا ہے اور کیاکچھ نہیں کرناہے‘،کی مکمل تفصیل ہو۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کیمپس کو صاف شفاف رکھنے پرزوردیا اور کہا کہ سال2022تعلیمی سال ہوگااورجموں کشمیر میں صحت وصفائی کانمونہ سال ہوگااور اس مشن کو حقیقت میں بدلنے کیلئے انہوں نے مشن جذبے کے ساتھ کام کرنے پرزرودیا۔انہوں نے کہا کہ صرف ان ہی طلاب کو یونیورسٹی میں داخل ہونے دیا جائے گا جنہوں نے مکمل ویکسینیشن کی ہوگی اورجن طلاب نے ابھی ٹیکہ نہیں لیا ہے انہیں فوراًسے پیشترٹیکہ لیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایسے طلاب کیلئے خصوصی ٹیکہ کاری مہم شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ماسک پہننے پر یونیورسٹی میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگااور طلاب اور تمام اساتذہ اور عملہ کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
کشمیریونیورسٹی میں روبرو تعلیم یکم مارچ سے
