کشمیرکی دولت کولُوٹاجارہا ہے:محبوبہ مفتی

سرینگر//کشمیرڈسٹری بیوٹرس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد نے یہاں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی صدرمحبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کرکے انہیں کشمیروادی میں ریلائنس جیو کے اسٹورکھولنے کے بارے میں حکومت کی سہولیات سے آگاہ کیا۔وفد نے اس قدم کے نتائج کواجاگر کیااور کہا کہ اس سے ان کی بکری کم ہوگی اور بازار میں ان کاحصہ تباہ ہوگا اورمقامی معیشت پیسی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریلائنس کے مقابلہ کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے کیوں کہ ریلائنس کے پاس پیسے کی فراونی،نقل وحمل کے ذرائع اور حکومت کی طرف سے حمایت حاصل ہے اوران کیلئے ناممکن ہے کہ ان کامقابلہ کیاجائے اور آخرکاروہ تباہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے اکثر بینکوں سے قرضہ حاصل کرکے کام کرنے کیلئے سرمایہ کابندوبست کرتے ہیںاورنقدی قرضہ کھاتوں پرکام کرتے ہیں اوراگر ہماراحصہ تباہ کیاگیا توہم قصوروارہوں گے اور یہ بڑے کاروباری گھرانے ہمیں کھاجائیں گے۔ ان کی فکرمندی کو تسلیم کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت  جموں کشمیرکو اقتصادی طوربے اختیارکرنے پر مصر ہے۔محبوبہ نے کہا کہ ایک طرف انتظامیہ  این آئی اے،ای ڈی،سی بی آئی کے ذریعے تجارتی طبقے کے پیچھے پڑگئی ہے اوردوسری طرف خستہ حال اقتصادیات میں سستے داموں یاردوست سرمایہ کاروں کو سب کچھ ہتھیالینے کی سہولت بہم پہنچارہی ہے۔پوراجموں کشمیربیرونی لوگوں کیلئے برائے فروخت رکھاگیا ہے۔وہ ہماری خودانحصاری کو نشانہ بناناچاہتے ہیں۔   محببوبہ نے وفد کوبغورسنااورانہیں یقین دلایا کہ وہ ہرممکن طور ان کی مدد کریں گی۔اس موقعہ پر پی ڈی پی صدرنے لیفٹیننٹ گورنر پرزوردیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں۔