بارہمولہ//آزادی کا امرت مہااُتسو کے تحت آئیکونک ہفتہ تقریبات کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور ثقافت میناکشی لیکھی نے گلمرگ میں پہلے ادبی میلے کا افتتاح کیا ۔ جموں و کشمیر حکومت کے زیر اہتمام ادبی میلے نے آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر ملک بھر سے متعدد ادبی شخصیات کو مدعوکیا ہے ۔ اس میلے میں نامور ادیب، ابھرتے شاعر ، دانشوروں نے ادبی روایات کے کئی پہلوؤں پر گفتگو اور تجزیہ کیا ۔ اپنے تعارفی خطاب میں دانش رانا نے کہا کہ یہ میلہ یقینی طور پر نوجوانوں کو اپنی موروثی تخلیقی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کی ترغیب دے گا ۔ ادبی میلے کا افتتاح کرتے ہوئے میناکشی لیکھی نے اس قسم کے فیسٹیول کے انعقاد کیلئے جموں و کشمیر یو ٹی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس قسم کے میلے ملک بھر کے نوجوانوں کو اپنی موروثی تخلیقی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کی ترغیب دیتے ہیں اور ادب سے محبت کرنے والے لوگوں کو بھی راغب کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادبی میلے ابھرتے ہوئے ادیبوں اور نوجوان شایقین کو اپنے خیالات اور احساسات کے اظہار کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیاء کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر قدیم زمانے سے ہمیشہ ثقافتوں کو سیکھنے کا مرکز رہا ہے ۔ ایک سیشن میں گیتیکا کوہلی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے معروف شاعر اور بالی ووڈ کے مشہور گیت نگار ارشاد کامل نے ان کے ادبی سفر پر روشنی ڈالی ۔ دیگر سیشنز جن میں تھیمز رائیٹنگ اینڈ رپورٹنگ ان اے فریکچرڈ ورلڈ ، میتھولوجی رومانس ، میموئیر ، ہسٹری فینٹسی اور فوکلور بھی تھے ۔ میلے کو نیٹ ورک 18 کی طرف سے لائیو کوریج دی گئی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار ، ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بھٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ بعد میں وزیر موصوف نے اننت ناگ ضلع میں مارتنڈ مندر مٹن کا بھی دورہ کیا اور یہاں پوجا کی ۔ انہیں مندر کی تاریخ اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر نے مندر کو ملک کے سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس جگہ کی طرف راغب ہوں ۔ انہوں نے یہاں کچھ سیاحوں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے وزیر کے ساتھ اپنا تجربہ شئیر کیا ۔ سیاحوں نے وادی کی مہمان نوازی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ۔ مرکزی سرکار کے عوامی رابطہ پروگرام کے تحت مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ امور وثقافت میناکشی ریکھی نے تاریخی قصبہ اونتی پورہ میں موجود آثار قدیمہ کا دورہ کیاہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے تفصیلی بات چیت کر کے اس تاریخی مقام کے حوالے سے جانکاری حاصل کی ہے۔ مناکشی لیکھی نے اس دوران وہاں بیرون ریاست سے سیر کو آئے سیاحوں سے بھی ملاقات کی اور ان کو کشمیر کی خوبصورتی کے حوالے سے اُن کے مشاہدات پوچھے ۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے میناکشی ریکھی نے بتایا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی زیر قیادت سرکار جموں وکشمیر کی مجموعی ترقی کے لیے وعدہ بند ہے۔