کشتواڑ کے سرکوٹ علاقہ میں نکاسی آب نظام مفلوج

کشتواڑ //خطہ چناب کے ضلع کشتواڑ میں نکاسی آب نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی لوگوں کے گھرو ں میں داخل ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ضلع ہیڈ کوارٹر سے کچھ ہی دوری پر واقعہ سرکوٹ کی عوام نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی پوری طرح ست مفلوج ہو چکاہے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں گزشتہ روز ہو ئی بارش کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ بارشوں کے دوران گندہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کا ساز و سامان بھی خراب ہو تا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے سڑکوں سے عام راہگیروں کا گزرنا شدید دشوار ہو جاتا ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ گزشتہ چار ماہ سے مذکورہ سڑک کو محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت لایا گیا ہے تاہم اس کے باوجود بھی سڑک کی بہتری اور نکاسی آب کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ایک مقامی شخص سورہب راٹھور نے بتایا کہ معمولی بارش کی وجہ سے پانی سڑک پر جمع ہو جاتا ہے تاہم اس سلسلہ میں انتظامیہ سے بھی کئی مرتبہ رجوع کیا گیا ہے لیکن نکاسی آب کی بہتری کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی بہتری کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہوسکیں ۔