کشتواڑ کے بالائی علاقوں کا محاصرہ اورتلاشی آپریشن جاری

جموں// جموں کے ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں جہاں پیر کے روز پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ ہوا، میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے پیر کی شام سے تلاشی آپریشن جاری ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کے سینئر افسران علاقے میں موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیر کی شام سے ہی پورا دچھن علاقہ محاصرے میں ہے اور حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ کشتواڑ کے دچھن علاقے میں پیر کے روز تیز دھار والے ہتھیاروں سے لیس دو افراد نے جموں وکشمیر پولیس کے دو اسپیشل پولیس آفیسروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ حملہ آوروں نے ان ایس پی اوز سے ہتھیار بھی چھین لئے۔دریں اثنا کشتواڑ پولیس لائنز میں منگل کی صبح مہلوک ایس پی او کی میت پر پھول مالا چڑھانے کی تقریب کے حاشئے پر ایک سینئر پولیس افسر نے اس واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا،’’کشتواڑ کے اس علاقے میں پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ ہوا جس میں ہم نے ایک جوان کو کھویا اور دوسرا ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں ہے، علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور فوج کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشن جاری ہے‘‘۔مہلوک پولیس اہلکار کی میت پر پھول مالا چڑھانے کی تقریب میں سینئر پولیس و سیول انتظامیہ کے افسروں کے علاوہ فوجی افسروں نے بھی شرکت کی اور مہلوک کو شاندار خراج پیش کیا۔