کشتواڑ پولیس نے T20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا

عاصف بٹ
کشتواڑ// ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج ڈاکٹر سنیل گپتا کی ہدایت پر کشتواڑ پولیس نے آج رینج پولیس کے بینر تلے جموں و کشمیر پولیس کے شہداء کی یاد میں ٹی 20 کرکٹ پریمیر لیگ کا افتتاح کیا۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ   راجندر سنگھ اور دیگر افسر نے چوگان گراؤنڈ کشتواڑ میں T20 رینج کرکٹ پریمئر لیگ کا افتتاح کیا۔پہلا میچ اسراریہ کلب کشتواڑ اور کشتواڑ نائٹس کے درمیان کھیلا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی مختلف ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں اور افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کا خیرمقدم و شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ جموں و کشمیر پولیس کے بہادر افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کو اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے لوگوں اور قوم کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہماری فورس اور ملک کا نام روشن کیا۔