کشتواڑ+ڈوڈہ//خطہ چناب کے کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میں جمعرات کو بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میںموسم ابرآلود رہا جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق کشتواڑضلع کے بالائی علاقوں میں ا یک سے دو نچ کے قریب برفباری درج کی گئی۔واڑون ، مڑواہ، دچھن ، مرگن ،سنتھن و مچیل کے علاقہ جات میں صبح اچانک برفباری شروع ہوئی جو کچھ دیر تک جاری ہے جسکے سبب ہرسو برف کی سفیدچارد بچھ گئی تاہم مرگن انشن سڑک پر آمدورفت جاری رہی ۔میدانی علاقوں میں موسم دن بھر ابرآلود رہا جسکے سبب سردی میں مزیداضافہ ہوگیا۔لوگوں کی بڑی کم تعداد کو بازاروں میں دیکھا گیا اورزیادہ تر لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔ادھرمحکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ جمعرات کو صبح سے ہی موسم آبر آلود رہا ہے اور بعد دوپہر ڈوڈہ، بھدرواہ و بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا اور میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلتی رہیں جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
قومی شاہراہ دو طرفہ ٹریفک کیلئے کھلی رہی
آج بھی مسافر بردار ٹریفک دوطرفہ جبکہ مال بردار ٹریفک یکطرفہ چلے گا
ایم ایم پرویز
رام بن//جموں سری نگر قومی شاہراہ جمعرات کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھلی رہی۔ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن کے عہدیداروں نے بتایا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت شاہراہ کے دونوں طرف معمول کے مطابق چلتی رہی۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر سرینگر اور جموں کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق بہتر موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے تحت ہلکی موٹر گاڑیوں کو دونوں طرف چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ بھاری موٹر گاڑیوں کو جموں کی طرف نیشنل ہائی وے پر چلنے کی اجازت ہوگی۔نگروٹہ جموں سے سری نگر جانے والی چھوٹی مسافر گاڑیوں کے لیے صبح 5 بجے سے دوپہر 12 بجے ادھم پور سے صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کٹ آف طے کیا گیا ہے۔قاضی گنڈ سے جموں جانے والی چھوٹی گاڑیوں کا کٹ آف ٹائم جمعہ کو صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ہائی وے پر ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کے لیے قافلے کے خلاف نہ چلیں۔