کشتواڑ میں گزشتہ 24گھنٹوں سے بجلی گل غیر اعلانیہ کٹوتی سے لوگ پریشان ،احتجاج کی دھمکی

عاصف بٹ

کشتواڑ// گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے ضلع بھر میں بجلی ہی نہیں ہے۔ اتوار کی دوپہر سیرگواڑی کے مقام پر بجلی کنڈیکٹر میں آئی خرابی کے بعد ابتک بجلی بحال نہ ہوسکی جس کی وجہ سے ضلع بھر کی عوام گھپ اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔ضلع میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جہاں دن میں متعدد مرتبہ بجلی کا کٹ رہتاہے وہیں شام ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی دوبارہ شروع ہوجاتی ہے اور یہ سلسلہ دیر رات تک جاری رہتا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس وقت ضلع میں 390 میگاواٹ والا ڈل ہستی پاور پروجیکٹ کام کرہا ہے جو تین سو سے زائد میگاواٹ بجلی پیدا کرررہا ہے جسکی بجلی دیگر ریاستوں کو فراہم کی جارہی ہیںجبکہ اسکے علاوہ بھی کئی پرجیکٹوں پر کام چل رہا ہے جن میں پکل ڈول ، و کیرو کرتھائی 1500 میگاواٹ سے زائد پاور پروجیکٹ شامل ہیں جبکہ 850 میگاواٹ والے ریٹلے پر بھی کام جاری ہے لیکن اسکے باوجود بھی ضلع کشتواڑ کو اندھیرا میں ہی رکھا جارہا ہے۔ جبکہ حالت یہ ہے کہ ضلع کے متعدد مقامات پر ابھی تک بجلی ہی دستیاب نہ ہوسکی۔ اس سلسلے میں ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی الطاف حسین نے بتایا کہ جہاں جموں صوبہ کو1600 سے1700 میگاواٹ بجلی سپلائی درکار ہے جبکہ محض1000 سے 1100 میگاواٹ بجلی دستیاب ہورہی ہے جسکے سبب مجبور ہوکر متعدد گھنٹوں تک بجلی کی کٹوتی کرناپڑتی ہے تاکہ صوبہ بھر میں بجلی فراہم کی جاسکے۔لوگوںنے بلاجواز کٹوتی ختم کرنے کی اپیل کی اور بجلی کی بلاخلل سپلائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر عوام سڑکوں پر اکر احتجاج کریگی۔