کشتواڑ میں پولیس پر حملہ

کشتواڑ+جموں //کشتواڑ میں دوافراد نے کلہاڑی سے ایس او جی ٹیم پر حملہ کردیاجس کے نتیجہ میں ایک ایس پی او (سپیشل پولیس افسر)ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا شدیدزخمی ہواہے ۔یہ واقعہ پیر کے روز دوپہر کو پیش آیا جس کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون مکیش سنگھ اور ڈی آئی جی ڈوڈہ کشتواڑ رینج موقعہ پر پہنچ گئے اور وہ حملہ آوروں کے خلاف شروع کی گئی تلاشی کارروائی کی خود نگرانی کررہے ہیں ۔یہ علاقہ ضلع صدر مقام کشتواڑسے 70کلو میٹر دور واقع ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا’’دونوں ایس پی اوز کیمپ سے نکل کر گشت کیلئے گئے جہاں ان پر دو ملی ٹینٹوں نے گھات لگاکر حملہ کردیا ،انہیں کلہاڑوں سے شدید زخمی کیاگیا اور اس کے نتیجہ میں ایک ایس پی او دم توڑ بیٹھا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے‘‘۔ آئی جی پی جموں مکیش سنگھ نے بتایاکہ پولیس پوسٹ ٹنڈر دچھن میں تعینات ایس پی اوز وشال سنگھ اور باسط اقبال گشت کیلئے بالائی علاقوں میں گئے جس دوران مبینہ طورپر ان پر دو مقامی ملی ٹینٹوں نے کلہاڑ یوں سے حملہ کردیا جس سے دونوں شدید زخمی ہوئے ۔انہوں نے بتایاکہ حملہ آوروں کی شناخت بشارت حسین ولد غلام قادر اور عاشق حسین ولد بشیر احمد ساکنان ٹنڈر دچھن کے طور پر ہوئی ہے ۔آئی جی پی نے بتایاکہ اس جنگجویانہ حملے میں ایس پی او باسط اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی وشال سنگھ شدید زخمی ہواہے ۔انہوں نے بتایاکہ حملہ آور موقعہ سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے لیکن ان کی تلاش کی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ ایک حملہ آور عاشق حسین ایف آئی آر زیر نمبر 6/2018زیر دفعات 363اور376میں ملوث ہے اوراس کے خلاف پولیس تھانہ دچھن میں کیس بھی درج ہے جسے بیس رو ز سے ضمانت پر رہاکیاگیاتھا۔اس واقعہ کے فوری بعد آئی جی پی جموں زون ڈی آئی جی ڈوڈہ کشتواڑ رام بن زون عبدالجبار کے ہمراہ کشتواڑ پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ خود تلاشی کارروائی کی نگرانی کی ۔ اس تلاشی کارروائی میں پولیس کے ساتھ ساتھ ایس او جی اور فوج کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے ۔حملے کا نشانہ بننے والے ایس پی اوز کے ہتھیارچھیننے کی بھی اطلاعات ہیں ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ ایس پی اوز کو خون میں لت پت کرکے ملی ٹینٹ ایک اے کے سینتالیس رائفل بھی اپنے ساتھ لے گئے ۔
 
 

ریڈ ونی میں زخمی 

سابق فوجی دم توڑ بیٹھا

خالد جاوید
 
کولگام//ریڈونی کھڈونی کولگام میں زخمی ہوا سابق ٹریٹوریل فوجی اہلکار پیر کی صبح زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ ریڈونی میں پچھلے15روز کے دوران یہ اس طرح کی دوسری ہلاکت ہوئی ہے۔مشتبہ جنگجوئوں نے اتوارشام دیر قریب 8بجے ریٹائرڈ ٹریٹوریل فوجی اہلکار عبدالحمید منڈو ولد غلام حسن منڈو ساکن بچرو کولگام پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور اسے ضلع اسپتال اننت ناگ کے بعد 92 بیس با دامی باغ  اسپتال منتقل کیا گیا۔ اگر چہ یہاں موجودڈاکٹروں نے اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم تین بجے کے قریب اسکی حا لت متغیر بن گئی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ قانونی لوازمات کے بعد اسکی لاش گھر پہنچائی گئی جہاں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ27 مارچ کو ریڈونی میں ہی اسی طرح کی ایک کارروائی میں شام دیر گئے ہی ایک آٹو ڈرائیور معراج الدین بٹ ولد محمد اکبر کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا گیا جو بعد میں دم توڑ بیٹھا۔
 
 
 
اونتی پورہ میں فائرنگ
سید اعجاز
 
ترال // اونتی پورہ میں فورسز کی ناکہ پارٹی پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملنگ پورہ کے نزدیک پولیس و فورسز کی مشترکہ ناکہ پورٹی پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ واقعہ کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی۔