کشتواڑ میں پنچایتی راج ایکٹ کی عمل آوری کا جائزہ

کشتواڑ// ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے آج مختلف افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور کہا کہ ضلع کے تمام پنچایتوںمیں ترقی کو ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنا ہمارا فرض ہے ۔افسران سے بات چیت کرنے کے دوران رانا نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک بہتر طریقہ اختیار کرکے اپنے فرائض کو انجام دیں تاکہ ہر پنچایت میں ممکن ترقی ہوسکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تمام افسران کو پنچایت راج ایکٹ کے تحت اپنے اپنے فرائض کو انجام دینے کی صلاح دی۔ انہوں نے ہر گرام سبھا کے عوام کو مختلف قومی و دیگر ریاستی سکیموںسے روشناس کروانے کے لئے تمام ضلع افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک ملازم کو اس کام کے لئے تعینات کریں تاکہ عوام مختلف فائدہ مند سکیموں سے صحیح استفادہ کر سکے۔دوران میٹنگ، رانا نے تمام افسران کو سرپنچوں و پنچوں کے ساتھ بہتر سلوک اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایک پنچایت کو ترقی یافتہ پنچایت بنانے کے لئے آپسی تال میل کا صحیح ہونا بے حد لازمی ہے۔اس کے علاوہ رانہوںنے پنچایت سے منسلک افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر پنچایت گھر کا معائنہ کریں اور جس پنچایت میں پنچایت گھر دستیاب نہ ہو وہاں ایک کمرہ جلد از جلد فراہم کیا جائے تاکہ ملازمین اپنے فرائض کو انجام دیں ۔آخر میں رانا نے اے ڈی سی کشتواڑ کو ہر پنچایت کا ایک جوائنٹ اکاونٹ کھولنے کی ہدایت دی، جو ایک حلقہ پنچایت کے سر پنچ و سکریٹری کی زیرنگرانی میں رہے گا جس کا بنیادی مقصد پنچایت کی ترقی و خوشحالی ہوگا۔اجلاس میں اے ڈی ڈی سی کشتواڑ امام دین ، سی پی او یاصر ایل اے بلوان ، سی ایم او کے علاوہ دیگر ضلع افسران  نے بھی شرکت کی۔