عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ چھ روز سے جاری سخت بندشیں بدھوار کی صبح ختم کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیغمبرِ اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصرات کے خلاف وادی چناب میں ہوئے احتجاجوں کے بعد ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں سخت بندشیں عائد کر دی گئیں تھیں اور انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا تھا۔ 6روز سے جاری پابندیوں کے بیچ آج ضلع کشتواڑ میں عائد تمام بندشوں کو ہٹا لیا گیا ہے وہیں انٹرنیٹ پر پابندی ہنوز برقرار ہے۔ پابندیاں ہٹانے کے بعد بازاروں میں دوبارہ رونق لوٹ آئی۔ زرائع کے مطابق منگل کو چھ گھنٹے کی نرمی بھرتی گئی تھی وہیں بدھوار کو دن بھر قصبہ کے بازار کھلے رہے جسکے بعد سبھی دوکانداروں نے اپنی دوکانیں کھولیں۔پولیس نے صبح اعلان کرکے سبھی کو دوکانیں کھولنے کو کہا۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی دن بھر جاری رہی۔ وہیں قصبہ و گردنواح کے علاقہ جات میں حفاظت کے سخت انتظامات ہیں اور فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ضلع بھر میںچھٹے روزبھی سبھی طرح کی انٹرنیٹ سروس معطل رہی جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔