کشتواڑ میں میڈیکل میلہ کا انعقاد

کشتواڑ//عوام کے ساتھ رسائی کی کوشش اور مکینوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے 17۔آر آر ڈول نے ’’تندرُستی ہزار نعمت ‘‘کے عنوان سے کشتواڑ کے تاریخی پریڈ گرائونڈ میں ایک میڈیکل میلہ منعقد کیا ۔میلے کا افتتاح برگیڈئیر روہن آنند نے سینئر فوجی، پولیس و ضلع آفیسران کے ہمراہ کیا۔دفاع کے ایک ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ میلے کا انعقاد مقامی آبادی کو میڈیکل خدمات مہیا کرنے کے علاوہ طبی ماہرین کی خدمات فراہم کرناتھا ۔فوج اور ضلع انتظامیہ کے ڈاکٹروں نے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویات بھی تقسیم کیں۔کیمپ میں رجسٹر ہوئے مریضوں کو ہیلتھ ریکارڈ کارڈز بھی جاری کئے گئے تاکہ وہ علاج کے لئے ضروری فالو اپ کیا جا سکے۔کیمپ میں فوج یا بیلٹ فورس میں بھرتی ہونے والے خواہشمند نوجوانوں کے لئے خصوصی پری۔ میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا ۔اس کے علاوہ کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے لئے خون کا عطیہ دینے کا ایک کیمپ بھی منعقد کیا گیا ،جس میں مقامی نوجوانوں اور فوجی اہلکاروں نے رضاکارانہ طور سے خون کا عطیہ دیا۔مقامی لوگوں نے فوج کے اس اقدام کی سراہنا کی ا ور مستقبل میں بھی ایسے کیمپ منعقد کرنے کی درخواست کی۔ کیمپ کے دوران ڈاکٹر سنجے پریہار نے صحت اور فٹنس کے موضوع پر ایک لیکچر بھی دیا ۔