کشتواڑ //ملک بھر میں صفائی ستھرائی کیلئے سوچھ بھارت مشن چلایاگیا جس کے تحت نہ صرف بیت الخلاء بنے بلکہ جگہ جگہ پروگرام منعقد کرکے لوگوں اور طلاب کو جانکاری فراہم کی گئی تاہم ایسا لگتاہے کہ میونسپل کمٹی کشتواڑ کو اس سکیم کے بارے میں ابھی تک پتہ نہیں چل پایا اور یہی وجہ ہے کہ قصبہ میں کئی جگہوں پر گندگی کے ڈھیر جمع ہیں اور صفائی کے دعوے سراب ثابت ہورہے ہیں ۔کشتواڑ کے شکتی نگر اور وارڈ نمبر بارہ و کے وی سکول سے لیکر فیصل آباد کشتواڑ تک گندگی کی پریشانی ہمیشہ رہی ہے اورگھروں کے باہر و سڑکوں کے کناروں ہروقت گندگی کے ڈھیرجمع رہتے ہیں ۔ قصبہ میں صفائی ستھرائی کی حالت دیکھ کرایسا لگتاہے کہ سوچھ بھارت مشن کے مقاصد بالکل بھی پورے نہیں ہوئے اور لوگوں کو انہی مشکلات کاسامناہے جو انہیں پہلے درپیش تھیں ۔اگرچہ این ایچ پی سی کی طرف سے بھی کوڑے دان نصب کئے گئے اور صفائی مہم بھی چلائی گئی تاہم پھر بھی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ۔ وارڈ نمبر بارہ اور فیصل آباد کے وی سکول روڈ پر رہنے والے رہائشیوں کاکہناہے کہ یہ علاقہ این پی ایچ سی کے ماتحت ہے لیکن اس کی طرف سے بھی لوگوں کی صحت و صفائی پر کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ۔ان کاکہناہے کہ پچھلے ایک سال سے نہ ہی میونسپل کمیٹی اور نہ ہی این ایچ پی سی کی طرف سے یہاں سے گندگی کو اٹھایاگیا ۔وہیں شکتی نگر کے لوگوںنے میونسپلٹی پر ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقے میں کوڑے دان بھی نصب نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں گندگی سے بیماریاں پیداہورہی ہیں اور صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر ایک سیاستدان اور بیروکریٹ صفائی کی مہم میں تونظر آتاہے اور اپنی تصاویر کھنچواکر تشہیرکی جاتی ہے لیکن حقیقی معنوں میں صفائی ستھرائی کیلئے کوئی سنجیدہ نہیں ۔ان کاکہناہے کہ گندگی کی وجہ سے بارشوں میں نکاسی کا نظام متاثر ہوتاہے ۔مقامی شہری ارون سنگھ کاکہناہے کہ یہاں سڑکیں تبھی صاف نظر آتی ہیں جو کوئی بڑا لیڈر دورہ کرنے والاہو نہیں تو عام حالات میں کوئی دھیان نہیں دیاجاتا اورگندگی سڑک کناروں ہی نہیں بلکہ برلب سڑک بھی جمع رہتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرراہ گندگی پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کیاجاناچاہئے ۔مقامی لوگوںنے الزام عائد کیاکہ کشتواڑ میں سوچھ بھارت مشن صرف اور صرف پروپیگنڈا بن کر رہ گیاہے اور اس سے کچھ بھی حاصل نہیںہوا۔ انہوںنے کہاکہ اگر اس سکیم پر خرچ کی جانے والی رقم صفائی کرمچاریوں کو دی گئی ہوتی تو اس سے بہتر نتائج سامنے آتے۔انہوںنے کہاکہ خالی مہم چلاکر تصاویر کھنچوانے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور حکام کو سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوںگے ۔