عاصف بٹ
کشتواڑ// سنیچر کے روز سے ہی جاری بارشوں و برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی کشتواڑ میں جاری رہا جس کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور پہلی مرتبہ جون کے مہینے میں لوگوں کو گرملبوسات کا استعمال کرتے دیکھا گیا۔ جہاں سنیچر کودن بھر میدانی علاقوں میں بارشیں ہوتی رہی وہیں بالائی علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی جبکہ اتوار کو بھی میدانی بالائی علاقہ جات میں دن بھر رک رک کر بارشیں و برف باری ہوتی رہی۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے بالائی پہاڑوں جن میں سنتھن،مرگن، نیگنشیر، برہمہ پیک س دیگر پہاڑوں پر کی انچ تازہ برفباری ہوئی جسکے سبب میدانی علاقوں میں سردی کی شدت لہر پائی جارہی ہے وہیں میدانی علاقہ جات میں دن بھر رک رک کر بارشیں ہوتی رہی۔ کشتواڑ سنتھن شاہرہ پر تازہ برفباری کے باوجود گاڑیوں کی اوجاہی جاری رہی۔لوگوں کو ماہ جون میں پنکھوں کی جگہ گرملبوسات کا استعمال کرنا پڑا۔
ڈوڈہ کے میدانی علاقوں میں بارش و پہاڑوں پر تازہ برفباری | درجہ حرارت میں نمایاں کمی، بیشتر دیہات میں بجلی نظام متاثر
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے میدانی علاقوں میں ہفتہ و اتوار کے روز شدید بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور بیشتر علاقوں میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز دن بھر ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری گندوہ و دیگر مضافات میں شدید بارش شروع ہوئی جو رات کو بھی جاری رہی وہیں پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی۔ اتوار کی صبح موسم ابر آلود رہا تاہم بعد دوپہر دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ میدانی علاقوں میں بارشوں و پہاڑوں پر تازہ برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور رابطہ سڑکیں زیر آب ہوگئیں ہیں جبکہ کئی پانی کی اسکیمیں سیلاب میں بہہ گئیں اور بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی بالائی علاقوں میں نقصان پہنچا ہے۔