کشتواڑ سگدی میں جنگلی جانوروں کا خطرہ بڑھ گیا

اندروال// اسمبلی حلقہ اندروال کے دیہاتی علاقہ سگدی میں بھاری برفباری سے جہاں مقامی لوگوں کو رہائشی مکانات و پھلدار درختوں کا نقصان ہوا ہے وہیں جنگلی جانوروں کا لگاتار خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔جانور بھاری برفباری سے بالائی علاقوں کو چھوڑ کر میدانی  علاقوں کا رخ اختیار کر رہے ہیں جسکی نسبت مقامی لوگوں کو شام ڈھلتے ہی باہر نکلنا مشکل ہوجاتا ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سگدی کی پنچایت سگدی بی 2 کے سرپنچ شبیر احمد لون نے بتایا کہ بھاری برفباری سے متعدد لوگوں کے رہائشی مکانات، مال مویشی و پھلدار درخت تباہ ہوچکے ہیں جن پر متعلقہ حکام کی جانب سے متاثرین افراد کو جائز معاوضہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے البتہ بھاری برفباری سے جنگلی جانوروں کا بالائی علاقہ چھوڑ کر میدانی سطح کی طرف رخ اختیار کرنے سے مقامی لوگوں کو زیادہ خطرہ رہتا ہے جس پر ابھی تک متعلقہ حکام و انتظامیہ کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے لہٰذا متعلقہ حکام و ضلع انتظامیہ سے درخواست کی جاتی ہے کہ جلد از جلد اس سلسلے میں ٹھوس قدم اٹھائے جائیں تاکہ مقامی لوگ کی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔