کشتواڑ سڑک حادثات کیلئے سابقہ سرکار ذمہ وار : یوتھ کانگریس

کشتواڑ//کشتواڑ میں ہو رہے سڑک حادثات کیلئے سابقہ پی ڈی پی۔ بی جے پی سرکار کو ذمہ وار قرار دیتے ہوئے یوتھ کانگریس کے سابقہ ترجمان رندیپ بھنڈاری نے کہا ہے کہ سابقہ سرکار کی ناکامی کی وجہ سے وادی چناب میں سڑک حادثات کو روکنے کیلئے اقدام نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ وادی چناب میں بی جے پی کے چار نمائندوں نے وادی چناب میں سڑک حادثات کے روک تھام کیلئے کوئی کام نہیں کیا ۔بھنڈاری نے چناب میں باقاعدگی سے ہورہے سڑک حادثات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہایت ہی سنگین اور پریشان کُن قرار دیا ہے۔وزیر اعظم کی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فقط ٹوئیٹ سے کُچھ حاصل ہونے والانہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ وزیر اعظم چناب کی مہلک سڑکوں کے لئے کسی پیکئیج کا اعلان کریں گے۔انہوں نے ریاست کے گورنر سے التماس کی ہے کہ وہ وادی چناب میں باقاعدگی سے ہو رہے سڑک حادثات کا پتہ لگانے کے لئے فوری طور سے ایک کمیٹی تشکیل دیںاور وادی چناب کے ہر ایک سڑک پر کریش بیر ئیر نصب کرنے کیلئے ایک پیکئج کا اعلا ن کریں۔