کشتواڑ// وادی کشمیر کو ضلع کشتواڑ سے جوڑنے والی واحد کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ گزشتہ سال اکتوبر کے آخر میں برفباری کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہوئی تھی جسکے بعد اس سڑک پر اگرچہ برف ہٹانے کاعمل نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے شروع کیا تھا لیکن خراب موسمی صورتحال کے سبب کام سست روی کا شکار تھا اور سڑک کو آخری آبادی والے علاقے وٹسر تک آمدورفت کیلئے کھلا رکھا گیا تھا جبکہ اس ماہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی دونوں اطراف سے برف ہٹانے کے عمل میں تیزی لائی گئی اور کئی کلومیٹر سڑک پر دونوں اطراف سے برف ہٹائی گئی۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جونیئر انجینئربشارت احمدنے بتایاکہ اگرچہ مشینری کے ساتھ برف ہٹانے کا عمل سردیوں میں بھی جاری تھا تاہم موسمی صوتحال نے ساتھ نہ دیا جبکہ علاقہ میں مسلسل برفباری سے برف ہٹانے کا عمل دوبارہ پہلے سے ہی شروع کرنا پڑا۔انہوںنے کہا کہ اس وقت وٹسر سے پانچ کلومیٹر آگے تک سڑک پر برف ہٹائی گئی اور اگر موسم بہتر رہا تو 20فروری تک سیاحتی مقام آلوفارم تک برف ہٹاکر سڑک کو آمدورفت کے قابل بنایاجاسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ امسال بھاری برفباری ہوئی ہے جبکہ تین فٹ کے قریب برف وٹسر کے قریب جمع ہے اور جس طرح برفباری ہوئی ہے اسے اندزہ لگایا جاسکتا ہے کہ اوپری علاقہ میں دس فٹ سے بیس فٹ کے قریب برف جمع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موسم بہتر رہاتو مارچ تک برف ہٹانے کا عمل مکمل ہوگا۔واضح رہے کہ گزشہ سال وقت سے قبل ہوئی بھاری برفباری سے سنتھن کشتواڑ شاہرہ پر دوافراد کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ دو افراد زخمی حالت میں پائے گئے تھے جسکے بعد انتظامیہ نے دوماہ قبل ہی اس سڑک کو آمدورفت کیلئے بند کردیا تھا۔ کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ خطہ چناب و جنوبی کشمیر کے اضلاع کیلئے اہم شاہراہ ہے اور لوگ اس سڑک پر سفرکرنے کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
کشتواڑ سنتھن شاہراہ پر برف ہٹانے کا عمل جاری | موسم بہتر رہا تو ایک ماہ میں شاہراہ کھلنے کے امکانات
