کشتواڑ انتظامیہ کادچھن میں شکایت ازالہ کیمپ

کشتواڑ//ضلع کے عوام کی شکایات کا اپنی دہلیز پر ہی ازالہ کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا کی قیادت میں ضلع کے سوندر دچھن میں ایک شکائتی ازالہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔کیمپ میں سی پی او کشتواڑ ڈاکٹر یاسر ایل اے بلوان ،اے سی ڈی انیل کمار چنڈیل، ایس ڈی ایم مڑواہ کیسر بھوانی کے علاوہ ضلع و سیکٹورل افسروں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں متعدد بزرگوں کے علاوہ نو منتخبہ پنچایت ممبران نے بھی شرکت کی۔عوام نے ڈی سی کے سامنے سب سے اہم مسئلہ پکل ڈول پائور پروجیکٹ کی وجہ سے متاثر ہوئے بیروزگار نوجوانوں کی بھرتی ،باقی ماندہ دیہات میں بجلی پہنچانا ،آنیوالے موسم سرما کے دوران مفت ایندھن فراہم کرنا ،محکمہ زراعت سے بیج مہیا کرنے، پی ایچ سی دچھن میںمعقول سٹاف کی تعیناتی ، ہوری پل کی مرمت، سوڈ پل کی تعمیر، تحصیل مڑواہ کے بجائے دچھن کے لوگوں کو تحصیل دچھن سے ہی پی آر سی سرٹیفکیٹ جاری کرنا ،پینے کے پانی کی سہولیت، دچھن کے سرکاری دفاتر میں حاضری یقینی بنانا  وغیرہ شامل ہے۔ علاوہ ازیں ، عوام نے ایم جی نریگا کاموں میں مبینہ خُرد بُرد کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر ڈی سی نے موقعہ پر ہی اے ڈی ڈی سی کشتواڑ امام دین کو بطور تحقیقاتی افسر مقرر کیا اور معاملہ کی باریک بینی سے تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔ڈی سی نے یقین دلایاکہ اگر شکایت درست پائی گئی تو خاطی افسروں کے خلاف سنگین کاروائی کی جائے گی۔ڈی سی نے لوگوں کیشکایات بغور سُنے اور یقین دلایا کہ انکے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔پی آر سی اسناد اجرا کرنے کے سلسلہ میں انہوں نے یقین دلایا کہ اب سے تحصیل مڑواہ کے بجائے تحصیل کشتواڑ سے پی آر سی جاری کی جائے گی۔ڈی سی نے متعلقہ افسروں کو لوگوں کی شکایات حل کرنے کی ہدایت دی۔ڈی سی نے مزید کہا کہ زمین کی حصولیابی سے پروجیکٹ سے متاثر ہوئے کنبوں کے معاملات پر 25دسمبر کے بعد غور کیا جائے گا۔علاقہ کے لوگوں نے ڈی سی کی جانب سے لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے باقاعدگی سے لوگوں کی رسائی کی ستائش کی۔