کشتواڑمیں تعمیر ہورہی ڈرینوں کی کشادگی کاکام سست روی سے جاری

کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ کے مختلف وارڈوں میں نکاسی نظام کی کشادگی کا کام سست روی کا شکار ہے جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے ۔ وارڈ نمبر سات میں تعمیر ہورہی ڈرین کا کام قریب دوسال سے جاری ہے۔ جہاں پہلے ایک سال تک ڈرین کو کھلا چھوڑا گیا وہیں اب دوبارہ اس کو اکھاڑا گیا ہے لیکن اسکی تعمیر نہیں ہورہی ہے جس سے وہاں کے دوکاندار سخت پریشان ہیں۔ کپڑے کے دوکاندار نے کشمیر عظمی ٰکو بتایا کہ جہاں لاک ڈائون نے انکی کمرتوڑ رکھی ہے وہیںرہی سہی کسر تعمیراتی ایجنسیاں پوری کررہی ہیں۔ قصبہ کی مصروف ترین گلیاں ہیں اور لوگوں کی بھاری بھیڑ رہتی ہے لیکن ٹھیکیدارکام سست روی سے کرر ہے ہیں اور جگہ جگہ کھودنے سے لوگوں کا چلنا دشوار ہوگیا ہے جبکہ انھیں کوئی پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتا۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ کام میں سرعت لائی جانی چاہئے۔ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ ڈرین کی کشادگی کا کام قابل ستایش ہے لیکن انتظامیہ کو اس میں سرعت لانے کی ضرورت ہے تاکہ کام جلد از جلد مکمل ہوسکے اور لوگوں کی آواجاہی متاثر نہ ہو جبکہ تجارتی سرگرمیوں پر کوئی اثر نہ پڑے۔انھوں نے کہا کہ بچوں و بزرگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ شام کے اوقات میں حادثہ ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ان کاکہناتھا کہ جلد ہی سرد موسم اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے اور اگر کام میں تیزی نہ لائی گئی تو بارشوں سے کئی مکان ڈھہ جانے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت دیں کہ فوراً تعمیری کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔