عاصف بٹ
کشتواڑ// جمعہ کو ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں برفباری وبارشوں کے سبب متعدد مقامات پر پسیاں گرآئی ہیں جس سے آمدورفت متاثر ہوئی ۔سنیچر کی صبح موسم میں بہتر ہوئی تاہم برفباری وبارشوں سے سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے ۔جمعہ کی صبح دچھن کے تریٹھیل نالے میں برفانی ریلا آیاجس سے سڑک پر آمدورفت متاثر ہوئی تھی وہیں سنیچر کی صبح دچھن علاقے کے ڈنگڈورو میںایک بہت بڑا برفانی تودا گرآیاجس سے ضلع ہیڈکوارٹر کو جوڑنے والی واحد سڑک آمدورفت کیلئے بند ہوگئی اور وسیع علاقے کا رابطہ منقطع ہوگیاتاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔دیگر بالائی علاقہ جات مڑواہ، واڑون، پاڈر، بونجواہ ودیگر مقامات پر کئی انچ تازہ برفباری ہوئی ۔ واڑون میں ا یک فٹ کے قریب برف ہوئی ہے جبکہ مڑواہ میں چھ انچ ،دچھن میں تین سے چار انچ جبکہ دیگر مقامات پر ا یک سے تین انچ برف درج کی گئی ہے۔برف باری کی وجہ سے اندرونی سڑکیں بند ہوگئی تھیںجن پر برف ہٹانے کا عمل شروع کردیاگیا ہے اورانتظامیہ نے سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا عمل سنیچر کی شام تک مکمل کرلیا جس سے سڑکوں پر آمدورفت بحال ہوسکی۔ مرگن و سنتھن پر آٹھ فٹ سے زاید برف جمع ہے جس کی وجہ سے یہ سڑکیں مکمل طور بندہیں تاہم کشتواڑ بٹوت شاہراہ پر آمدورفت بلاخلل جاری ہے۔