کشتواڑمیںبارش نے انتظامیہ و میونسپل کمیٹی کی پول کھول دی | گلی کوچے پانی سے لبالب،نکاسی نالیوں کی تعمیر کب مکمل ہوگی؟

کشتواڑ//سنیچر کی صبح ہوئی معمولی بارشوں نے کشتواڑقصبہ میں انتظامیہ کے کام کاج کی پول کھول دی اورمعمولی سی بارش سے نالیوں سے  ساری گندگی و گنداپانی سڑکوں و گلیوں میں بہنا شروع ہو گیاجبکہ کئی مقامات پر لوگوں کے گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ ملک مارکیٹ کے قریبی دوکانداروں نے بتایا کہ جہاں انتظامیہ سوچھ بھارت کے بڑے بڑے نعرے لگاتی ہے وہیں گلی کوچوں میں جمع گندگی کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جاتا۔ انھوں نے کہاکہ جب کبھی بھی معمولی بارش ہوتو پانی گلی میں پھیل جاتا ہے جسے راہگیروں کے ساتھ ساتھ دوکانداروں کو بھی شدید مشکلات اٹھانا پڑتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ قصبہ کے سبھی وارڈوں کا یہی حال ہے جہاں ہر طرف گندگی کے ڈھیر پڑے ہوتے ہیں جبکہ تعمیر کی گئی نالیاں کافی تنگ ہیں اور جب بھی بارش ہوتی ہے تو تمام گندگی و گندا پانی نالیوں سے نکل کر گلیوں و سڑک پر بہنا شروع ہوجاتاہے اوریہاں تک کہ لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہوجاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ کئی مرتبہ معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا کہ ڈرینج سسٹم کو بہتر کیا جائے لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ان کاکہناتھا کہ اگرچہ کچھ مقامات پر ڈرینج کو بہتر بنانے کیلئے کام شروع کیا گیا لیکن کئی ماہ گزر جانے کے بعد بھی کام جوں کا توں پڑا ہوا ہے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر و متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ قصبہ کی طرف اپنی توجہ مبذول کریںاور ڈرینج سسٹم کے نظام ک  جلد از جلد بہتر بنائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔