کشتواڑاورکوکرناگ میں سڑک حادثات | خاتون سمیت 2لقمۂ اجل | رام بن میں مشکوک حالت میں ٹرک ڈرائیورمردہ پایا گیا

اننت ناگ+ کشتوار+ رام بن//ککرناگ اور کشتوار میں الگ الگ سڑک حادثات میں خاتون سمیت 2افراد ہلاک اوردوزخمی ہوگئے جبکہ رام بن میں ایک ڈرائیور کو ٹرک میں مشکوک حالت میں مردہ پایاگیا۔کوکر ناگ میں موٹر بائیک ،وین اور لوڈ کیریئر کے بیچ زوردار ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق گوہن وائیلو کے نزدیک موٹر بائیک زیر نمبرJK03-7704،وین JK01T-7479اورنامعلوم لوڈ کیریئرکے درمیان زوردار ٹکر ہوئی،جس کے نتیجے میں سجاداحمدڈیکاولدفیاض احمد،بلال احمدڈیکاولدثناء اللہ ڈیکاساکنان ڈیسوڈکسم اور جاویداحمد ولدنذیراحمدساکنہ بدہارڈکوکر ناک شدیدزخمی ہوگئے جنہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال اننت ناگ منتقل کیاگیاجہاں سجاداحمدڈیکا زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔لوڈ کیریئرجائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا،تاہم پولیس نے کیس درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔/سنیچر کی دوپہر سب ڈویژن چھاترو کے ڈیڈھ پیٹھ علاقہ میں ہوئے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون دم توڑ گئی۔خاتون کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیاگیاتھاجس دوران اس نے دم توڑ دیا۔ اس کی شناخت نسیمہ بیگم زوجہ غلام قادر ساکن لونپورہ ڈیڈھ پیٹھ کے طور پرہوئی ہے۔اسے کشتواڑ سے نجی گاڑی میں سرینگر منتقل کیاگیاتھاتاہم اننت ناگ پہنچنے پر اس نے دم توڑ دیاجسکے بعد نعش کوواپس لایاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ زخمی خاتون کو سرینگر منتقل کرنے کیلئے ایمبولینس گاڑی فراہم نہیں کی گئی جس کے بعد کسی نجی گاڑی میں اسے سرینگر لیجایاگیاتاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی ۔پنجاب سے تعلق رکھنے والے یک ٹرک ڈرائیور کومشکوک حالت میں اس کے ٹرک میں مردہ پایا گیا۔ وہ رام بن کے ماروگ علاقے میں گاڑی چلا رہا تھا۔پولیس نے بتایا کہ مقامی افراد نے شاہراہ پرٹرک زیر نمبر PB09X- 4097 جو پھلوں سے لداہواتھا،کو مشکوک حالت میں سڑک کنارے کھڑے ہونے پر پولیس کو مطلع کیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی کو موقعہ پر پہنچی اور ٹرک کے اندر ڈرائیور کومردہ حالت میں پڑا دیکھا ۔اس کی شناخت ترسیم سنگھ ولد موہن سنگھ ساکن ہوشیار پور پنجاب کے طور پر ہوئی ہے۔بعد ازاں نعش پو سٹ مارٹم کے لئے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کی گئی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ رام بن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔