کسانوں کوجدید تکنیکی معلومات فراہم کی جائیں : نوین چودھری | لال منڈی میں محکمہ زراعت کے انتظامی بلاک کا افتتاح

سرینگر // پرنسپل سیکرٹری محکمہ زراعت نوین کمار چودھری نے بدھ کو لال منڈی میں محکمہ زراعت کے انتظامی بلاک کا افتتاح کیا۔پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ حکومت اپنے ملازمین کو بہتر بنیادی سہولیات اور کام کرنے کے مناسب ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ بغیر کسی تکلیف کے کاشتکار برادری کی بہتری کیلئے کام کرسکیں۔نوین نے کوویڈ۔19 کے بحران کے دوران محکمہ کے افسران ، عہدیداروں اور فیلڈ افسران کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے صحت کے خطرات کے باوجود کسانوں کو زراعت کے آلات اور تکنیکی رہنمائی فراہم کی۔پرنسپل سکریٹری نے محکمہ کے افسران اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ وادی میں زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے تن دہی سے کام کریں تاکہ کسانوں کو جدید تکنیکی معلومات سے آراستہ کیا جائے تاکہ اس شعبے میں خود کفالت حاصل کرسکے۔بعد میں پرنسپل سکریٹری نے حال ہی میں لال منڈی میں نامیاتی سبزی منڈی کا افتتاح کیا اور کاشتکاروں سے بات چیت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت کشمیر الطاف اعجاز اندرابی ، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت چودھری محمد اقبال ، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت امیر الدین دین اندرابی ، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر مشروم فاروق احمد شاہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔