کسانوں سے پانی کاٹیکس لینے کاحکم منسوخ کیا جائے:تاریگامی

سری نگر// کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما یوسف تاریگامی نے آبپاشی وفلڈ کنٹرول محکمہ کے چیف انجینئر کے اُس حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے تحت نمبرداروں کو کسانوں سے مارچ2015سے واٹر ٹیکس وصول کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔کمیونسٹ رہنما نے11اگست2020کو جاری حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی اُس وقت کی حکومت کے وزیرخزانہ نے کسانوں سے پانی کا ٹیکس معاف کرنے کا حکم دیا تھا اور اس فیصلے کا اعلان ریاستی اسمبلی کے ایوان میں بھی کیا گیا تھا۔تاریگامی نے کہا کہ ایک چیف انجینئر منتخب حکومت کے فیصلے کو کالعدم کرنے کا حکم کیسے جاری کرسکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی زرعی اراضی جس پرچیف انجینئر نے واٹر ٹیکس وصول کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ،تب سے دوسرے مقاصد کیلئے استعمال ہورہی ہے اور یہ کسانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے کہ انہیں اب ادائیگی پرمجبور کیا جارہا ہے جبکہ انہیں اُس وقت کی حکومت نے کچھ راحت دی تھی ،انہوں نے چیف انجینئر کے جاری کئے گئے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔