کریری بارہمولہ میں شرمناک واقعہ رونما

 بارہمولہ//کریری بارہمولہ میں ایک سرکاری اُستادپر مبینہ طور پر اپنی ایک شاگرد ہ کی عصمت دری کرنے کا الزام ہے جس کے سامنے آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے فوری کاروائی کرکے ملزم اُستاد کو معطل کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہنواز احمد نامی سرکار اُستاد نے 17 سالہ طالبہ کو اُس وقت اپنی ہوس کا شکار بنایا جب مذکورہ طالبہ ٹیوشن پڑھنے کیلئے اسکے گھر میں آیا کرتی تھی ۔پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 15 اپریل کو اُن کے پاس مذکورہ اُستاد کے بارے میں جانکاری آگئی کہ اُس نے ایک نابالغ لڑکی کو سب ضلع اسپتال پٹن میںحمل گرانے کی غرض سے لایا ۔اس دوران وہاں موجود ڈاکٹروںنے پولیس سے رابطہ کیا جس دوران پولیس کی ایک ٹیم اس معاملے کی چھان بین کیلئے اسپتال پہنچ گئی ۔ابتدائی تحقیقات سے پولیس کو پتہ چلا کی مذکورہ لڑکی اُس کی بیوی نہیں ہے جس کے بعد ملزم اُستاد کو مزید تحقیقات کیلئے پولیس تھانہ پٹن پہنچا یا گیا ۔تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ یہ اُستاد گورنمنٹ مڈل اسکول کریری میں بحیثیت آر آر ٹی کام کرہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ملزم نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ گیارویں جماعت کی طالبہ کو اپنے گھر میں پڑھایا کرتا تھا جس دوران دونوں نے اس گناہ کو انجام دیا ۔ جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف  ایک ایف آئی آر زیر نمبر 22/2018U/S 376,315/RPC  درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کوعدالت نے کچھ دن پہلے ضمانت پر رہا کیا ہے جبکہ پولیس اس معاملے میں جلدی اپنا چارج شیٹ دائر کرے گی ۔اس سلسلے چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ عبدالاحد گنائی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ اُستاد کے بارے میں شکایت موصول ہونے کے بعد اُسے فی الحال نوکری سے معطل کیا گیا ہے ۔