کرگل کے 57زائرین بھی ائر فورس طیارے میں لائے گئے

سرینگر+کرگل //ایران کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم160  طلبہ و طالبات اور60سے زائد زائرین کو لیکر خصوصی پرواز منگل کی شام جیسلمیر سے سرینگر پہنچ گئی جبکہ 5دن قبل ایک کشمیری طالب علم کی رپورٹ مثبت آنے کی وجہ سے4طلاب اور21زائرین کوجیسلمیرمیں ہی روک دیا گیا ہے۔ ادھرغازی آباد اتر پردیش اورجودھ پور میں مقررہ مدت مکمل کرنے والے ایران سے آئے57 زائرین کو بھی کرگل پہنچایا گیا ۔ایران کی تین بڑی یونیورسٹیوں تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنز ، شیراز یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور امیر کبیر یونیورسٹی میںزیر تعلیم 200طلبہ و طالبات اور 80زائرین کو 14مارچ کو وزارت داخلہ نے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے دلی پہنچایا تھا جہاں سے انتظامیہ قرنطینہ میں رکھنے کیلئے تمام 280افراد کو آرمی ویل نیس سینٹر جیسلمیر منتقل کیا گیا ۔ آرمی ویل نیس سینٹر میں 5زائرین کی تشخیصی رپورٹ مثبت آئی تھی اور مریضوں کو ایمز جودھ پور علاج کیلئے منتقل کیا گیاجبکہ طلبہ کو 30دنوں تک انتظامی قرنطینہ میں رکھنے کے بعد جمعرات کو انکے نمونے تشخیص کیلئے حاصل کئے گئے جن میں ایک کشمیری طالب علم کی رپورٹ مثبت آئی۔ منگل کو خصوصی پرواز کے ذریعے سرینگر پہنچنے والے طالب علم اجمل حسین نے بتایا ’’5بجے کی خصوصی پرواز کے ذریعے ہم سرینگر پہنچ گئے ہیں‘‘۔ اجمل نے بتایا ’’ 200طلبہ میں سے 40کو جیسلمیر میں ہی مزید قرنطینہ کیلئے رکھا گیا کیونکہ جمعرات کو ایک کشمیری طالب علم کی رپورٹ مثبت آئی تھی‘‘۔ اجمل نے بتایا ’’ جس قرنطین مرکز میں طالب علم کی رپورٹ مثبت آئی، وہاں رکھے گئے40طالب علموں میں 20زائرین کو مزید قرنطینہ کیلئے روک دیاگیا ہے ‘‘۔ اجمل نے بتایا ’’ 34دن انتظامی قرنطینہ میں گزارنے کے بعد اپنے شہر اور اپنے لوگوں کے بیچ پہنچنے سے تمام زائرین اور طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس دورانملک کی مختلف ریاستوں میں رکھے گئے جموں کشمیر و لداخ کے زائرین و طلاب کا پہلا قافلہ منگل کو کرگل پہنچ گیا۔ اس قافلے میں صرف کرگل کے زائرین تھے۔ ان 57افراد کو ائر فورسز طیارے کے ذریعہ کرگل ہوائی اڈہ تک لایا گیا جہاں سے انہیں ہوٹل ہائی لینڈ کرگل پہنچا یا گیا جہاں زائرین کو طبی عملہ نے مزید احتیاطی تدابیر برتنے کی ہدایات دی۔ تمام زائرین کو  انتطامی قرنطین کیا جائیگا جس کے بعد ہی انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائیگی۔ چیف ایگزیکٹو کونسلر کرگل فیروز احمد خان نے زائرین کی واپسی پر وزیرات داخلہ، لیفٹیننٹ گورنر لداخ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی درماندہ زائرین کو بھی مرحلہ وار طریقے سے لایا جائے گا۔واضح رہے کرگل سے وابستہ زائرین کو کئی مراحل میں کرگل لایا جائے گا جن میں سے پہلا قافلہ منگل کرگل پہنچ گیا ۔