کرگل میں قومی یوم رائے دہندگان پر تقریب

 کرگل// ضلع کرگل میں بھی قومی رائے دہندگان کی تقریب انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کرگل کی طرف سے آڈیٹوریم ہال کرگل میں منعقد ہوئی جہاں ڈسٹرکٹ افسران و ملازمین کے ساتھ ساتھ سماجی ، مذہبی، ثقافتی اور تعلیمی انجمنوں کے نما ئندوں و ممبروں ،بوتھ لیول افسران، طلباء اور عام لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔تقریب پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکرگل امتیازاحمد خان کاچو بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔اس دوران مقررین نے قومی یوم رائے دہندگان کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کر تے ہوئے لوگوں کو اپنے ووٹ دینے کے حق کا صحیح اور مناسب استعمال کر تے ہوئے ملک کی جمہوریت کو مستحکم بنانے پر زور دیا ۔ ا س موقعہ پر اپنی تقریر میں مہمان خصوصی نے قومی ووٹرس ڈے کے موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ عوام میں جمہوریت میں ووٹ دینے کے حق کا بغیر ڈر یا تعصب سے بالا تر ہو کر استعمال کرنے کے متعلق بیداری لائی جا سکے۔تقریب پر مقررین نے قومی یوم رائے دہندگان کی تاریخ ، اہمیت اور دیگر پہلووں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔