سر ی نگر//بین الاقوامی کرکٹر اور سابق جے اینڈ کے رانجی ٹرافی سکیپئر پرویز رسول بجبہاڑہ کرکٹ ایسو سی ایشن کی ایک وفد کے ہمراہ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقی ہوئے۔میٹنگ کے دوران آل راﺅنڈ کرکٹر نے شکایت کی کہ پرنسپل ہائیر سکینڈری سکول بجبہاڑہ نے کھیل کے میدان پر ایک تعمیراتی کام شروع کیا ہے۔یہ کھیل کا میدان مقامی لوگوں نے کھیل کود کو فروغ دینے کے لئے اپنی رقومات خرچ کر کے تعمیر کیا تھا۔پرویز رسول نے مشیر کو بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے خرچے پر ایک کرکٹنگ ٹرف تیار کیا تاکہ علاقے کے کھیل شائقین اس میدان میں کرکٹ کھیل سکیں۔انہوں نے کہا کہ بجبہاڑہ کرکٹ ایسو سی ایشن اور مقامی لوگوں نے ہمیشہ متعلقہ سکول انتظامیہ کو بہتر سہولیات پیدا کرنے کے لئے تمام طرح کا تعاون فراہم کیا ہے ۔پرویز رسول نے مزید کہا کہ انہوں نے اس میدان کی دیکھ ریکھ کے لئے اپنے اخراجات پر گھاس کاٹنے والی مشین بھی فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ سکول انتظامیہ کے پاس 20کنال اراضی دستیاب ہونے کے باوجود انہوں نے کھیل کے میدان پر تعمیری کام شروع کیا ہے جس کی وجہ سے کھیل کے شائقین مایوس ہوئے۔اس شکایت کے مدنظر مشیر موصوف نے ناظم تعلیم کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ اس کھیل کے میدان پر تعمیراتی کام فوری طور روک دیں۔انہوں نے ناظم تعلیم سے کہا کہ وہ موقعہ پر بذاتِ خود معائینہ کریں اور کھیل میدان کے بجائے کسی دوسری جگہ متعلقہ تعمیراتی کام انجام دیں۔پرویز رسول کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ پرویز رسول نے قومی سطح پر ریاست کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز رسول نے کرکٹ کے میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کھیل کو ریاست کے شائقین کے لئے دلچسپی کا مرکز بنایا ہے ۔
کرکٹر پرویز رسول خورشید گنائی سے ملاقی
