عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ میں اپنے پہلے چھاپوں میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر ایک کرپٹو کرنسی دھوکہ دہی کے معاملے میں چھاپے مارے جس میں سرمایہ کاروں کے 7 کروڑ روپے سے زیادہ کے ذخائر ضائع ہوئے ہیں۔ ایجنسی کے زونل دفتر نے اے آر میر اور دیگر کے خلاف کیس میں لداخ کے لیہہ قصبے، جموں اور ہریانہ کے سونی پت میں کم از کم چھ احاطوں پر چھاپے مارے۔یہ الزام ہے کہ 2,508 سرمایہ کاروں نے “Emollient Coin Limited” کے نام پر فرضی کرپٹو کرنسی کے کاروبار میں 7.34 کروڑ روپے سے زیادہ جمع کرائے ۔ تاہم، انہیں کوئی منافع یا کرنسی واپس نہیں ملی، اور ان رقوم کو کاروبار کے فروغ دینے والوں نے جموں میں زمین کے اثاثے خریدنے کے لئے استعمال کیا تھا۔منی لانڈرنگ کا معاملہ مارچ 2020 میں لیہہ میں درج ایک ایف آئی آر اور میر اور اجے کمار چودھری کے خلاف جموں و کشمیر کے یونین ٹیریٹری میں درج کی گئی کچھ دیگر شکایات کے بعد ہوا ہے۔
لیہہ میں پولیس نے اپنی ایف آئی آر میں کہا کہ میر اور اس کے ایجنٹوں کے خلاف مقامی ضلع مجسٹریٹ کی تشکیل کردہ ایک کمیٹی کے ذریعہ انکوائری کی گئی جو انجمن معین العل میں واقع کمپلیکس، ایس این ایم ہسپتال کے سامنے، لیہہ میں دفتر سے “جعلی” کرپٹو کرنسی کا کاروبار (ایمولینٹ کوائن لمیٹڈ) چلا رہے تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق، کمیٹی نے انکوائری کے دوران “بہت سے بے گناہ افراد کو ان کی سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے کی یقین دہانی کر کے دھوکہ دینے” کے الزام میں اس دفتر کو سیل کر دیا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کے حکام کے مطابق، ملزم نے لداخ اور کچھ دیگر مقامات کے لوگوں کو نقد رقم کا استعمال کرتے ہوئے “ایمولیئنٹ کوائن” خریدنے یا بینک اکانٹس میں رقم منتقل کرنے کا لالچ دیا۔تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ 10 ماہ کے لاک ان پیریڈ کے ساتھ 40 فیصد تک واپسی کی یقین دہانی کے ساتھ “بِٹ کوائنز” کے نام پر بھی جمع کنندگان کو دھوکہ دیا گیا۔ای ڈی نے پایا کہ سرمایہ کاروں کو کاروبار میں ان کے حوالہ سے لوگوں کی طرف سے کی گئی سرمایہ کاری کا سات فیصد تک کمیشن دیا گیا، اس طرح ایک ملٹی لیول مارکیٹنگ چین تشکیل دی گئی۔کل 2,508 لوگوں نے میر کی طرف سے پیش کردہ سرمایہ کاری کے منصوبے میں 7,34,36,267 روپے کی سرمایہ کاری کی اور ان کی طرف سے شروع کی گئی کمپنی (Emollient) جو ستمبر 2017 میں قائم کی گئی تھی اور اس کا لندن میں رجسٹرڈ دفتر تھا۔ برطانیہ کے دارالحکومت میں رہنے والا ایک شخص ہنری میکسویل اس کا ڈائریکٹر تھا۔کمپنی کے ہندوستان میں دو پروموٹر تھے – نریش گلیا اور چنی سنگھ۔ کمپنی کو مارچ 2019 میں “جان بوجھ کر” تحلیل کر دیا گیا تھا، اور میر نے چودھری کے ساتھ مل کر ایک رئیل اسٹیٹ کا کاروبار شروع کیا اور ED کے مطابق، جعلی کریپٹو کرنسی تجارت سے حاصل ہونے والے فنڈز سے جموں میں زمینیں حاصل کیں۔