کرونا وائرس کے آغاز کی تحقیقات

بیجنگ//عالمی ادارہ صحت کے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم کرونا وائرس کے آغاز کی تحقیقات کے سلسلے میں چین کے شہر ووہان میں موجود ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے جمعے کو چین کے سائنس دانوں سے ملاقات کی ہے۔اس ملاقات میں کرونا وائرس کی ابتدا اور اس کے پھیلاو سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔تحقیقاتی ٹیم میں شامل نیدر لینڈز سے تعلق رکھنے والی وبائی امراض کی ماہر میریون کوپمینس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ "یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ براہِ راست ملاقات کی اور اس دوران چین آمد کے پروگرام پر بات چیت ہوئی۔"میریون کے بقول چین کی جانب سے ٹیم کی قیادت کرنے والے پروفیسر وینین بعض تیکنیکی خامیوں پر مذاق اڑا رہے ہیں۔ تاہم اپنے ساتھیوں کو دیکھ کر اچھا لگا۔تحقیقاتی ٹیم کا چین میں مزید دو ہفتے قیام متوقع ہے جس کے دوران ماہرین چین کی جنگلی حیات کی مارکیٹ کا بھی دورہ کریں گے۔ اس مارکیٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کرونا وائرس نے یہاں جنم لیا جس کے بعد یہ پوری دنیا میں پھیل گیا۔عالمی ادارہ صحت کی ٹیم ووہان کے 'انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی' کا بھی دورہ کرے گی۔ اس حکومتی لیبارٹری کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ یہ لیب کرونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ بنی۔ تاہم چین کی حکومت اس کی تردید کرتی آئی ہے۔