کرناہ کا چامبرہ گائوں سڑک رابطے سے محروم

سرینگر // کرنا ہ کے گنڈی گجراں کا گائوں چامبراہ جدید دور میں بھی سڑک رابطے جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہے۔ مقامی آبادی کوآبادی اشیائے ضروریہ کو اپنے گھروں تک پہنچانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یہ گائوں گنڈی گجراں سے صرف 2 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔مقامی شہری بشیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ سڑک نہ ہونے کے سبب کئی مریض جان گنوا چکے ہیں کیونکہ انہیں وقت پر ہسپتال نہیں پہنچایا جاتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس صورتحال سے کئی بار اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی بلکہ لوگوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ۔گائوں کے ایک اورشہری فرید احمد نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی یہاں کے لوگ گھوڑوں پریا پھر کندھوں پر اشیائے ضروریہ اپنے گھروں تک پہنچاتے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں پہاڑی پر ہونے کی وجہ سے لوگوں کو موسم سرمامیں کافی دقتیں پیش آتی ہیں کیونکہ یہاں زیادہ برف گرتی ہے اور لوگ کئی کئی دنوں تک گھروں میں محصور ہو کر رہ جاتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔