کرناہ کا نوجوان11روز سے لاپتہ،اہل خانہ تشویش میں مبتلا

 کرناہ //جاڈہ کرناہ کا ایک نوجوان گذشتہ11روزسے گھر سے لاپتہ ہے جس کی وجہ سے اُن کے اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مذکورہ نوجوان کے متعلق پولیس تھانہ کرناہ میں ایک گمشدگی رپورٹ درج کی گئی ہے۔افراد خانہ کے مطابق 25سالہ منظور احمد کھٹانہ ولد نورالدین کھٹانہ ساکنہ جاڈہ 15دسمبر کی صبح گھر سے ٹنگڈار کےلئے گیا تھا لیکن تب سے اب تک گھر نہیں لوٹا ہے ۔افراد خانہ کے مطابق ہر ممکن جگہ پر انہوں نے اُس کی تلاش کی لیکن اُس کے باوجود بھی اُس کا کہیں کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے ۔گھر والوں کے مطابق اس سلسلے میں پولیس سٹیشن ٹنگڈار میں نوجوان کی لاپتہ ہونے کی ایک رپورٹ بھی درج کی گئی ہے ۔ایس ایچ او کرناہ محمد اشرف نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان 15دسمبر سے لاپتہ ہے اور پولیس نے کیس درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے ۔