اشفاق سعید
کرناہ //گبراہ کرناہ میں گذشتہ کچھ روز سے پاگل کتوں کے حملوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ نواں گبراہ کرناہ میں اچانک ایک پاگل کتا گبراہ کی پایین بستی میں نمودار ہوا جس نے بر سر راہ ایک شہری محمد الطاف مرچال پر حملہ کیا اور بری طرح کاٹ دیا اور متذکرہ کتا بھاگتے ہوئے گبرہ کے مرکزی محلہ میں جا گھسا۔
مصدقہ زرائع کے مطابق اس پاگل کتے نے تب سے اس وقت تک قریبا ایک درجن شہریوں، جن میں بچے اور معمر اشخاص بھی شامل ہیں بری طرح کاٹ کر زخمی کر دیا ہے۔ جس سے مکین خوف زدہ ہیں اور بچے بھی گھروں سے باہر نکلنے سے کتراتے ہیں۔
مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات اور انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے پاگل کتے کو قابو کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کتے کے حملوں میں الطاف مرچال،مرتضی ماگری،شفقت کھوکھر، خالد کھوکھر اور مڈل سکول احاطے میں دو بچیوں سمیت غلام جیلانی نامی معمر شہری زخمی ہوئے ہیں۔
خالد کھوکر حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اُنہیں مزید علاج کیلئے سرینگر کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔