کرناہ میں بجلی کی ابتر صورتحال پر لوگ برہم

کرناہ //کرناہ میں بجلی کی ابتر صورتحال اور صحت کے فقدان پر سیول سوسائٹی کرناہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوگوں کی مشکلات کا ازلہ کرنے کیلئے فوری اقدام کریں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔سیول سوسائٹی کرناہ نے صحت، بجلی اور تعلیم سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے سنیچر کو ایک اہم میٹنگ کا اہتمام کیا۔ جس میں سول سوسائٹی کرناہ کے چیئرمین ایس ڈی قریشی اور جنرل سیکرٹری راجہ وقار خان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔میٹنگ میں پیرزادہ ایس ڈی قریشی نے کرناہ میں بجلی کے شدید بحران پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں میں سے ہمیں صرف 1 سے 2 گھنٹے بجلی ملتی ہے، ہم نے اس سے پہلے کبھی بجلی کا اتنا برا حال نہیں دیکھا اور یہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔سول سوسائٹی کرناہ کے جنرل سیکرٹری راجہ وقار خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجتراں گاؤں میں واقع سٹون کریشر پلانٹ مقامی لوگوں کیلئے تشویش کا ایک اہم سبب بن گیا ہے، کیونکہ یہ مضر گیس خارج کرتا ہے، جس سے مقامی آبادی میں سانس کی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ صحت کے تحفظ کیلئے پلانٹ کو فوری طور پر منتقل کریں۔ راجہ وقارنے محکمہ صحت میں عملے کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال صرف ایک عمارت بن کر رہ گئی ہے کیونکہ یہاں طبی ونیم طبی عملے کی شدید قلت ہے جس سے مریض یہاں پریشانی کا سامنا کرتے ہیں ۔