کرشی بھون تالاب تلو میں قومی کسان دیوس منایا گیا

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//کرشی بھون تالاب تلو جموں میں روڈ شو اور جوار کی نمائش کے ساتھ قومی کسان دن منایا گیا ۔ یہ دن ہر سال مرحوم چودھری چرن سنگھ سابق وزیر اعظم ہند کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔ اس تقریب کا اہتمام زرعی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں باجرے کی صلاحیت کو تلاش کرنے کیلئے کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے پرنسپل سیکرٹری شلیندر کمار مہمان خصوصی تھے ۔ اس تقریب کا افتتاح ڈائریکٹر زراعت جموں رام سیوک اور متعلقہ محکموں کے ایچ او ڈیز کی موجودگی میں کیا گیا ۔ اس تقریب میں جوار کے فروغ کے حوالے سے روڈ شو مہم اور ایک نمائش شامل تھی ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری نے زرعی سرگرمیوں کے مختلف اسٹالز کا معائینہ کیا اور شہد اور مشروم میں منفرد برانڈ کو فروغ دینے کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں ۔ مسٹرشلیندر کمار نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ اپنی روز مرہ کی خوراک میں جوار کو شامل کریں تا کہ صحت مند طرز زندگی کے حصول اور غیر صحت بخش کھانے سے پرہیز کیا جا سکے ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ باجرہ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ کرے گا اور طلباء اور اساتذہ کو صحت مند طرز زندگی کے حصول میں مدد کیلئے ہفتے میں ایک بار باجرے کی خوراک کھانے کو یقینی بنائے گا ۔ ڈائریکٹرزراعت جموں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ملٹس میلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جڑنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جوار کو اپنی خوراک میں استعمال کرنے اور صحت مند طرز زندگی کے پرانے صحت مندانہ طرز عمل کا حوالہ دیا ۔