کرشنا گھاٹی میں ایچ ڈی ایف سی کا اے ٹی ایم نصب

 پونچھ// پونچھ ضلع کے دور دراز اور سرحدی گائوں کرشنا گھاٹی میں عوام کو بینک کی سہولیات فراہم نہ ہونے کی وجہ سے کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔خصوصی طور پر اگر گائوں کے لوگوں کو بینک سے نقدی نکالنے ہوتے تھے تو انہیں پونچھ قصبہ یا پھر مینڈھر کے علاقوں کی جانب دوڑنا پڑتا تھا ۔ اے ٹی ایم کی سہولت فراہم نہ ہونے کی وجہ سے اس سرحدی علاقہ میں تعینات فوجی اہلکاروں کو بھی پریشان ہونا پڑتا تھا ۔ان سب کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے ایچ ڈی ایف سی بینک کے اعلیٰ عہدیداران نے اس سرحدی علاقہ میں اے ٹی ایم نصب کرا یا۔اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بینک کے اعلیٰ افسران اور فوج کے افسران اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میںشرکت کی ۔تقریب کے دوران مقامی لوگوں نے بینک انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اس ضروری اور اہم سہولت کو مہیا کرایا گیا۔ بعد از آں ربن کاٹ کر اے ٹی ایم کی رسم افتتاح انجام دی گئی۔