کرشنا گھاٹی سیکٹر میں شدید گولہ باری

مینڈھر//پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوا۔یہ واقعہ کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پیش آیا۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کرشنا گھاٹی سیکٹر کے کئی علاقوں میں قائم فوج کی اگل چوکیوں کو نشانہ بنایا اور دونوں طرف کی افواج کے درمیان رک رک کر گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا ۔جمعرات کو مزید کئی دیہات زد میں لائے گئے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق گذشتہ شب ساڑھے دس بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگوار، کھڑی کرماڑی ،بگیال درہ،مالٹی اور اجوٹ میں حد متارکہ پر واقع فوج کی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے گولہ باری کی اور پوری رات گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا۔جمعرات کی دوپہر شاہپور، مندھار، کیرنی، قصبہ، بانڈی چچیاں سیکٹر وںمیں بھی ہندوپاک افواج کے مابین پھر گولہ باری ہوئی جس کی وجہ سے جنگ کا سماں پیدا ہوا۔ دفاعی ترجمان کے مطابق کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایک اگلی چوکی پر تعینات 10جیک رائفلز کا حوالدار نرمل سنگھ فائرنگ سے شدید زخمی ہوا اور بعد میں دم توڑ بیٹھا۔معلوم ہوا ہے کہ حوالدار کی ہلاکت منکوٹ سیکتر مین ہوئی اور اسے سنائپر سے نشانہ بنایا گیا۔اسکی چھاتی پر گولی لگی اور اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اْدھمپور فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسکی موت واقع ہوئی۔