سرینگر//پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیر معاملے کا حل تلاش کرنے کیلئے کرتا ر پور اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خون خرابے اورتشدد کے بجائے کشمیر مسئلے کو کر تار پور جیسے اقدامات سے حل کیا جاسکتا ہے ۔محبوبہ مفتی نے کرتار پور راہداری کو تعمیر کرنے کے تاریخی فیصلے پر اپنا رد ِ عمل ظاہر کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کرتار پور جیسے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہناتھا کہ جموں وکشمیر معاملے کو حل کرنے کیلئے ’دلیر ،ایماندار اور انسانیت ‘ پر مبنی اقدامات ناگزیر ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ سال2008-09میں ممبئی میں شدت پسندی کے ایک حملے میں کئی انسانی جانیں تلف ہوئیں ،تاہم اس کے باوجودکرتار پور راہداری کو کھولنے کیلئے ہند پاک کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہوا ۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول کے آر پار شاردا راہداری کو بھی کھول دیاجائے جوکہ پنڈتوں کیلئے مقدس مقام ہے ۔انہوں نے آر پار بس سروس ،تجارت کی بحالی کو بڑی کامیابی قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر اور دوستانہ تعلقات جموں وکشمیر کے مفاد میںہیں ،لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ دونوں ممالک کیلئے بھی اہم ہے ۔کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ماضی کا تشدد اب بھی تازہ ہے اور گزشتہ ایک ہفتے میں مزید 9افراد ہلاک ہوئے ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کریں کیونکہ مسائل کا حل جمہوری اور سفارتی ذرائع سے ہی تلاش کیا جاسکتا ہے ۔
کرتار پور راہداری جیسے اقدامات مسئلہ کشمیر کا حل:محبوبہ
