کرالہ کپوارہ جنگل میں آگ سے سینکڑوں پیڑ پودے خاکستر

اشرف چراغ +عازم جان
کپوارہ // گزشتہ دو روز سے جاری کہمیل فارسٹ ڈویژن کرالہ پورہ کے کمپارٹمنٹ نمبر50میں آگ میں اب تک سینکڑوں پیڑ پودے اور سر سبز درخت جل کر خاکستر ہوئے جبکہ محکمہ کے اہلکارآگ بجھانے کے کام میں دو روز سے لگے ہوئے ہیں ، ادھر بانڈی پورہ میں آرمی گڈول اسکول کے متصل جنگل میں بھی جمعرات شام کو آگ نمودار ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ کہمیل فارسٹ ڈویژن کے کمپارٹمنٹNH 50وارسن میں دو ورز قبل آگ لگ گئی جس نے وہاں پیڑ پودوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ لگتے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکار آگ بجھانے کے لئے وہا ں پہنچ گئے اور سخت محنت کر کے آگ پر قابو پا لیا اور جنگلات کو نقصان ہونے سے بچایا اور اس دوران وہا ں گھاس پھوس جل گیا ۔بدھ کو دوران شب دو بارہ مذکورہ کمپارٹمنٹ میں آگ نمو دار ہوئی جس نے جنگل کے ایک بڑے حصہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔نزدیکی بستی کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ آ گ کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے اور وارسن بستی کے لوگو ں میں سخت تشویش کی لہر دو ڈ گئی ۔جمعرات کی صبح کو محکمہ جنگلا ت کے سینکڑوں اہلکارو ں کو رینج آفیسر ظہور علی خان نے آگ بجھانے کے لئے اپنے ساتھ وہا ں پہنچایا جس دوران انہو ں نے آگ بجھانے کا کام شروع کیا ۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر کہمیل فارسٹ ڈویژن کرالہ پورہ بھی وہا ں پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کاروائی کا جائزہ لیا ۔انہو ں نے ڈویژن کے دوسرے علاقوں سے بھی محکمہ جنگلات کے عملہ کو آگ لگنے کے مقام پر روانہ کیا اور آگ پر قابو پانے کے لئے محکمہ کے اہلکارو ں کی کوشش جاری ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ کے اہلکارو ں کی کوشش ہے کہ آگ پر فوری طور قابو پایا جائے ۔انہو ں نے کہا کہ ماہ رمضان کے باجود بھی بدھ کی شام گئے دیر محکمہ کے ملازمین آگ بجھانے کے کام میں مصروف تھے اور آگ پر ایک بار قابو پالیا لیکن دوران شب آگ پھر نمودار ہوئی ۔ادھر آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے وارسن بستی کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی آبای کو سخت تشویش ہے کہ اگر آگ پر فوری طور قابو نہیں پا یا گیا تو پھر نزدیکی بستی بھی اس کی زد میں آ سکتی ہے ۔اس دوران جمعرات شام کو آرمی گڈول اسکول بانڈی پورہ کے متصل جنگل میں آگ نمودار ہوئی ،جوآگ اطلاعات موصول ہونے تک پھیل وہی تھی اور دھوئیں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیاتھا جبکہ محکمہ جنگلات کے ملازمین بھی آگ بجھانے کیلئے موقعہ پر پہنچ چکے تھے اور آگ پر قابو پانے کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں۔