کرائے کا معاملہ ،اڑی تا مینڈھر گاڑیاں بند رہی | لوگوں نے لائسنس منسوخ کرکے متبادل بسیں چلانے کی مانگ کی

مینڈھر //مینڈھر کے اڑی گائوں سے ڈرائیوروں نے کرائے کے معاملہ کو لے کر گزشتہ روز گاڑیاں بند رکھیں تاہم مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ٹاٹا سومو گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لائسنس و دیگر کاغذات منسوخ کر کے مسافر بسیں لگائی جائیں تاکہ عام لوگوں کو دوران آمد ورفت مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔گزشتہ دنوں اڑی علاقہ کی مکینوں نے ڈرائیوروں کی جانب سے قاعدہ کیخلاف اضافی کرایہ لینے سے تنگ آکر مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد ڈرائیوروں نے احتجاج کے طورپر گاڑیاں بند رکھیں۔ڈرائیووں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی کرایہ فہرست کے تحت وہ گاڑیاں نہیں چلاسکتے تاہم مقامی لوگوں نے بتایا کہ ڈرائیوروں انتظامیہ کی جانب سے مقرر کئے گئے کرایہ کو یکسر نظر انداز کر کے غیر قانونی طورپر اضافی کرایہ وصول کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میں مسافر بسیں چلائی جائیں تاکہ غریب عوام کو اضافی کرایہ سے بچایا جاسکے ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹاٹا سو مو ڈرائیوروں گاڑیوں میں فحش گانے لگانے کیساتھ ساتھ ان کی آواز بھی انتہائی بلند رکھتے ہیں جبکہ گانے بند کرنے کیلئے کہنے پر مسافروں کیساتھ بد تمیزی بھی کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طورپر کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے کاغذات منسوخ کر دئیے جائیں جبکہ ان کیخلا ف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔